قومی کرکٹ ٹیم کے اسپنر ساجد خان کا کہنا ہے کہ ویسٹ انڈیز کو کم سے کم رنز پر آؤٹ کرنے کی کوشش کریں گے۔
کوئینز پارک اوول میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ساجد خان نے کہا کہ میں نے عبداللہ شفیق کا ساتھ دیا اور انہوں نے اچھی اننگز کھیلی، بدقسمتی سے ہمارے ٹیل اینڈرز جلدی آؤٹ ہوگئے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے بولرز نے جس طرح بولنگ کی اس سے اچھا مومینٹم مل گیا ہے، کوشش کریں گے کہ چوتھے روز اسی مومینٹم کے ساتھ جائیں اور ویسٹ انڈیز کو 60 سے 70 رنز کے اندر اندر آؤٹ کرلیں۔
ساجد خان نے کہا کہ پہلے دن کے آغاز میں وکٹ پہ کچھ نمی تھی جس کا فائدہ بولرز کو مل رہا تھا لیکن بعد ازاں وکٹ بیٹنگ کے لیے مشکل نہیں رہی۔
انہوں نے کہا کہ نئی گیند سے تھوڑی مشکل ہوگی لیکن اگر کچھ وقت کریز پر رکا جائے تو رنز آسانی سے بن جائیں گے۔
واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز نے دوسری اننگز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 103 رنز بنالیے ہیں اور اسے 60 رنز کی برتری حاصل ہے۔