گوگل نے اپنا روایتی فیچر ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا

گوگل اس فیچر کو 2026 میں مرحلہ وار ختم کر رہا ہے


ویب ڈیسک August 05, 2026

ٹیکنالوجی کمپنی گوگل نے اعلان کیا ہے کہ وہ 2026 میں اپنے روایتی گوگل اسسٹنٹ کو مرحلہ وار ختم کر رہا ہے، جبکہ اینڈرائیڈ صارفین کے لیے جیمینائی کو نیا ڈیفالٹ اے آئی اسسٹنٹ بنایا جا رہا ہے۔

کمپنی کی جانب سے موجودہ صارفین کو بھیجی گئی ای میل میں بتایا گیا کہ 4 ستمبر سے اینڈرائیڈ موبائل ڈیوائسز پر گوگل اسسٹنٹ تک رسائی ختم کرنے کا عمل شروع ہوگا۔ تاہم، یہ مرحلہ وار ہوگا اور تمام صارفین تک پہنچنے میں چند ہفتے لگ سکتے ہیں۔

گوگل کے مطابق یہ تبدیلی صرف اینڈرائیڈ فونز تک محدود نہیں رہے گی بلکہ وہیر او ایس اسمارٹ واچز، ہیڈفونز اور ایسے گاڑیوں کے سسٹمز پر بھی لاگو ہوگی جو صارف کے موبائل فون کے ذریعے اینڈرائیڈ آٹو استعمال کرتے ہیں۔

البتہ فی الحال گوگل ٹی وی، گوگل ہوم اسپیکرز اور اسمارٹ ڈسپلے پر گوگل اسسٹنٹ فوری طور پر بند نہیں کیا جا رہا۔ تاہم، کمپنی نے تصدیق کی ہے کہ مستقبل میں ان ڈیوائسز پر بھی جیمینائی متعارف کرایا جائے گا۔

دوسری جانب یہ ابھی واضح نہیں کہ پکسل ٹیبلیٹ کے ڈاکڈ موڈ میں جیمنی کب دستیاب ہوگا۔

گوگل نے بتایا کہ جیمینائی اس کی نئی نسل کا مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی اسسٹنٹ ہے، جسے صارفین کو زیادہ جدید، ذہین اور بہتر تجربہ فراہم کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔