پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز میزبان ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 117 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی اور پاکستان کو 75 رنز کا ہدف ملا۔
پورٹ آف اسپین میں چوتھے روز ویسٹ انڈیز نے 103 رنز 6 کھلاڑی آؤٹ سے اپنی نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی، تاہم پاکستانی بولرز نے شاندار نظم و ضبط کے ساتھ گیندبازی کرتے ہوئے میزبان بیٹنگ لائن کو زیادہ دیر کریز پر نہ ٹکنے دیا۔ ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم 47 اوورز میں 117 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی جبکہ زخمی اوپنر برانڈن کنگ بیٹنگ کے لیے میدان میں نہ آسکے۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے کیویم ہوج 34 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ ٹیگنارائن چندرپال اور روسٹن چیز نے 17، 17 رنز اسکور کیے۔
پاکستان کی جانب سے اسپنرز علی عثمان اور ساجد خان نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چار، چار وکٹیں حاصل کیں، جبکہ محمد علی نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل ویسٹ انڈیز پہلی اننگز میں 344 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی تھی، جس کے جواب میں پاکستان نے عبداللہ شفیق کی ناقابل شکست 160، بابر اعظم کے 88، اذان اویس کے 55 اور ساجد خان کے 30 رنز کی بدولت 387 رنز بنائے اور 43 رنز کی برتری حاصل کی۔
دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ویسٹ انڈیز کو 1-0 کی برتری حاصل ہے، اس لیے پاکستان کے لیے یہ میچ جیت کر سیریز 1-1 سے برابر کرنے کا بہترین موقع ہے۔