جوز بٹلر نے کیرون پولارڈ کا ریکارڈ توڑ کر ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں تاریخ رقم کردی

دی ہنڈریڈ کے میچز کے اعداد و شمار بھی ٹی ٹوئنٹی ریکارڈ کا حصہ شمار کیے جاتے ہیں


اسپورٹس ڈیسک August 06, 2026

انگلینڈ کے مایہ ناز بلے باز جوز بٹلر نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی تاریخ میں بڑا سنگ میل عبور کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کے سابق آل راؤنڈر کیرون پولارڈ کو پیچھے چھوڑ دیا۔

بٹلر نے یہ اعزاز دی ہنڈریڈ ٹورنامنٹ کے ایک میچ میں حاصل کیا جہاں انہوں نے چھ چھکوں کی مدد سے 51 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر مانچسٹر سپر جائنٹس کو مسلسل تین شکستوں کے بعد بڑی کامیابی دلائی۔

بٹلر نے مارکو جینسن کی گیند پر لگائے گئے پہلے چھکے کے ساتھ پولارڈ کے 14 ہزار 803 ٹی ٹوئنٹی رنز کا ریکارڈ عبور کیا۔

جوز بٹلر 492 اننگز میں 14 ہزار 833 رنز کے ساتھ پہلے نمبر پر آگئے ہیں جبکہ پولارڈ 663 اننگز میں 14 ہزار 803 کے ساتھ دوسرے نمبر پر چلے گئے ہیں۔

یونیورس باس کے نام سے مشہور ویسٹ انڈیز کے ہی کرس گیل 455 اننگز میں 14 ہزار 562 رنز کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہیں تاہم وہ اب ہر طرز کی کرکٹ سے کنارہ کشی اختیار کرچکے ہیں۔

دوسری جانب کیرون پولارڈ جلد شروع ہونے والی کیریبین پریمیئر لیگ میں ٹرنباگو نائٹ رائیڈرز کی نمائندگی کریں گے جہاں ان کے پاس دوبارہ سرفہرست آنے کا موقع موجود ہوگا۔

واضح رہے کہ دی ہنڈریڈ کے میچز کے اعداد و شمار بھی ٹی ٹوئنٹی ریکارڈ کا حصہ شمار کیے جاتے ہیں، اس لیے یہ کارنامہ ان کے مجموعی ٹی ٹوئنٹی کیریئر میں شامل ہوا۔

میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے بٹلر نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والا کھلاڑی بننا ان کے لیے باعثِ فخر ہے۔