’لاک اپ سیزن 2‘ کا فائنل: شریا کلرا نے شیوانگی جوشی کو ہرا کر ٹرافی اپنے نام کرلی

اپنا نام فاتح کے طور پر سننے کے بعد شریا کلرا جذباتی ہو گئیں اور آبدیدہ نظر آئیں


ویب ڈیسک August 06, 2026

نیٹ فلکس کے ریئلٹی شو ’لاک اپ: سچ یا سزا‘ کا فاتح سامنے آگیا ہے۔

کانٹینٹ کریئٹر اور ریئلٹی شو اسٹار شریا کلرا نے شیوانگی جوشی کو شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کر لی جس کے بعد انہیں ایک کروڑ روپے انعامی رقم بھی دی گئی۔

ہائی وولٹیج گرینڈ فائنل میں مختلف ’اگنی پریکشا‘ چیلنجز کے بعد شریا کلرا فاتح قرار پائیں۔

فائنل کا آغاز ایک فزیکل ٹاسک سے ہوا، جس میں رام کپور پانچویں نمبر پر رہے اور مقابلے سے باہر ہو گئے۔

دوسرے مرحلے ’بلف ماسٹر‘ میں یوگیش راوت نے باقی مدمقابلوں، شیوانگی جوشی، شریا کلرا اور شلپا شندے کو دھوکا دے کر ’غیر محفوظ‘ اسٹیٹس بینڈ حاصل کرنے کی کوشش کی۔

یوگیش شلپا شندے کو کامیابی سے بلف کرنے میں کامیاب رہے، جس کے بعد شلپا شو سے باہر ہو گئیں اور یوگیش نے ٹاپ تھری میں جگہ بنا لی۔

آخری اگنی پریکشا میں ٹاپ تھری نے ایک جیوری کا سامنا کیا، جس میں معروف شخصیات اور صحافی شامل تھے۔ سوال و جواب کے دوران شیوانگی جوشی سے ہرشد چوپڑا کے ساتھ تعلقات پر سوال کیا گیا، جبکہ یوگیش راوت کو ان کے رویے پر تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔

اسی دوران اویز دربار نے شریا کلرا پر وفادار دوست نہ ہونے اور دیگر مقابلہ کرنے والوں کے راز افشا کرنے کا الزام لگایا۔ شریا کو مسلسل جھگڑے کرنے اور دیگر شرکا کے خلاف سخت رویہ اختیار کرنے پر بھی تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔

اس مرحلے کے بعد جیوری نے ووٹنگ کے ذریعے ٹاپ ٹو کا انتخاب کیا، جس کے نتیجے میں یوگیش راوت مقابلے سے باہر ہو گئے۔

آخری مرحلے میں سابق شرکا نے شریا کلرا اور شیوانگی جوشی میں سے اپنے پسندیدہ امیدوار کا انتخاب کیا، جبکہ جیلرز نے بھی ووٹ ڈالے۔

فاتح کا فیصلہ جیلرز، سابق شرکا اور ’جنتا کی جیوری‘ کے ووٹوں کی بنیاد پر کیا گیا، جس کے بعد شریا کلرا کو ’لاک اپ: سچ یا سزا‘ سیزن 2 کی فاتح قرار دیا گیا۔

اپنا نام فاتح کے طور پر سننے کے بعد شریا کلرا جذباتی ہو گئیں اور آبدیدہ نظر آئیں، جبکہ شیوانگی جوشی نتیجے پر مایوس دکھائی دیں۔