اسپتال کی چھت پر  چڑھنے والا ’’موت کا فرشتہ‘‘ گرفتار، جرمانہ بھی کردیا گیا

26 سالہ شخص موت کے فرشتے کی فرضی علامت گریم ریپر کے بھیس میں اسپتال کی چھت پر چڑھ کر مریضوں کو گھورنے لگا


ویب ڈیسک August 06, 2026

برطانیہ کے علاقے سینٹ آصف، ڈینبی شائر (ویلز) میں واقع اسپتال میں اس وقت خوف و ہراس پھیل گیا جب ایک 26 سالہ شخص ’گریم ریپر‘ (موت کے فرشتے) کا بھیس پہن کر اسپتال کی چھت پر چڑھ گیا اور مریضوں، عملے اور آنے جانے والے افراد کو گھورنے لگا۔

یہ واقعہ 6 جون کو پیش آیا تھا، جب سیاہ چغہ اور نقاب پہنے ایک شخص اسپتال کے مرکزی حصے کی چھت پر کھڑا دکھائی دیا۔ عینی شاہدین کے مطابق اس کے ہاتھ میں ایک لمبی دھار دار چیز بھی تھی، جسے دیکھ کر وہاں موجود افراد خوفزدہ ہوگئے۔ اطلاع ملتے ہی نارتھ ویلز پولیس اور نارتھ ویلز فائر اینڈ ریسکیو سروس نے موقع پر پہنچ کر تقریباً 50 منٹ تک جاری رہنے والے آپریشن کے بعد صورتحال پر قابو پایا۔

پولیس نے ملزم کی شناخت لیون گلیسپی کے نام سے کی، جو ڈیگنوی کا رہائشی ہے۔ اسے قومی صحت کے ادارے کی حدود میں بلاجواز خوف و ہراس پھیلانے، عملے کے لیے رکاوٹ پیدا کرنے اور پولیس کی ہدایت کے باوجود مقام چھوڑنے سے انکار کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔

بعد ازاں ملزم نے عدالت میں جرم کا اعتراف کر لیا، جس پر لینڈڈڈنو مجسٹریٹس کورٹ نے اسے 200 پاؤنڈ جرمانہ ادا کرنے کا حکم دیا۔ عدالت نے اس کے علاوہ 50 پاؤنڈ بطور ہرجانہ، 100 پاؤنڈ اضافی جرمانہ اور 100 پاؤنڈ عدالتی اخراجات بھی ادا کرنے کی سزا سنائی۔

عدالتی کارروائی کے دوران یہ بھی سامنے آیا کہ لیون گلیسپی نے اس سے قبل لینڈڈڈنو میں واقع Pets at Home اسٹور سے بلیوں کی خوراک اور دیگر سامان جبکہ ایک اور اسٹور سے کھانے پینے کی اشیا بھی چوری کرنے کا اعتراف کیا۔

اسپتال انتظامیہ نے واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ طبی مراکز میں کسی بھی قسم کی بدسلوکی، خوف و ہراس یا ہنگامہ آرائی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی نافذ ہے اور ایسے واقعات کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ ’گریم ریپر‘ مغربی روایات میں موت کی علامت سمجھی جانے والی ایک فرضی شخصیت ہے، جسے انسانی روحیں لے جانے والے کردار کے طور پر پیش کیا جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس بھیس میں اسپتال کی چھت پر اچانک نمودار ہونے والے شخص نے مریضوں اور عملے میں شدید خوف پیدا کر دیا۔