گول کی خوشی میں کھلاڑی سرنگ میں گر کر زخمی، وی اے آر نے خوشی بھی چھین لی

تقریباً ایک دہائی قبل کیمرون کے فارورڈ ڈیڈیرک جوئل تاگو بھی اسی میدان میں گول کے بعد اسی سرنگ میں جا گرے تھے


اسپورٹس ڈیسک August 10, 2026

برازیل میں فٹبال میچ کے دوران ایک عجیب و غریب واقعہ پیش آیا جب ایک کھلاڑی سرنگ میں گر کر زخمی ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق برازیلین سیری اے کے میچ میں کوربیٹا کے دفاعی کھلاڑی جاسی ماراناؤ گول کی خوشی مناتے ہوئے گراؤنڈ کے قریب موجود ایک تاریک سرنگ میں جا گرے۔

جاسی نے چیپیکوئنسے کے خلاف پہلے ہاف میں اپنی ٹیم کو 0-2 کی برتری دلائی۔

گول کے فوراً بعد وہ گیند ہاتھ میں لیے خوشی سے شائقین کی جانب دوڑے اور اشتہاری رکاوٹ عبور کرنے کے لیے چھلانگ لگائی تاہم وہ دوسری جانب موجود سرنگ میں جا گرے۔

ان کے سنبھلنے کے کچھ ہی دیر بعد ریفری نے کھیل روک دیا، وی اے آر جائزے میں جاسی کا گول آف سائیڈ قرار دے کر مسترد کر دیا گیا۔

29 سالہ جاسی دوسرے ہاف کے ابتدائی منٹوں تک کھیلتے رہے لیکن بعد میں انجری کے باعث انہیں میدان سے باہر بھیج دیا گیا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ تقریباً ایک دہائی قبل کیمرون کے فارورڈ ڈیڈیرک جوئل تاگو بھی اسی میدان میں گول کے بعد اسی سرنگ میں جا گرے تھے۔

ان کا گول البتہ برقرار رہا اور وہ میچ مکمل کرنے میں کامیاب رہے تھے۔