ایک ہی فلائٹ نمبر کے دو طیارے آمنے سامنے، مسافر بال بال بچ گئے

کنٹرولر کے مطابق انہوں نے 25 سالہ کیریئر میں دو طیاروں کو ایک ہی کال سائن کے ساتھ اس طرح قریب آتے کبھی نہیں دیکھا


ویب ڈیسک August 15, 2026

امریکا میں ایک ہی فلائٹ نمبر کے ساتھ پرواز کرنے والے دو مسافر طیاروں کے فضائی راستے ایک دوسرے کے قریب آگئے جس وجہ سے ٹکرانے کا خدشہ ہونے لگا، مگر ایئر ٹریفک کنٹرولر کی بروقت حاضر دماغی نے ممکنہ خطرے کو ٹال دیا۔

امریکی فضائی کمپنی امریکن ایئرلائنز کے دونوں طیارے اتفاقاً فلائٹ نمبر 2482 کے تحت پرواز کر رہے تھے۔ ایک طیارہ شکاگو سے فینکس پہنچ رہا تھا جبکہ دوسرا فینکس سے روانہ ہو چکا تھا۔

دونوں طیاروں کا کال سائن ایک جیسا ہونے کے باعث خدشہ تھا کہ پائلٹس ایئر ٹریفک کنٹرولر کی ہدایات کو اپنے لیے سمجھ سکتے ہیں، خصوصاً اس وقت جب دونوں کے فضائی راستے ایک دوسرے کے قریب آرہے تھے۔

صورتحال بھانپتے ہی کنٹرولر نے دونوں طیاروں کو الگ الگ شناخت دینے کے لیے ایک کو ’ارائیول‘ اور دوسرے کو ’ڈیپارچر‘ کہنا شروع کر دیا۔

کنٹرولر نے آنے والے طیارے کو دوسرے طیارے سے زیادہ بلندی پر رکھا جبکہ روانہ ہونے والے طیارے کو مزید اوپر جانے سے روک دیا، جس سے دونوں کے درمیان محفوظ فاصلہ برقرار رہا۔ دونوں پروازیں بحفاظت اپنی منزل کی جانب روانہ ہوئیں اور کوئی حادثہ پیش نہیں آیا۔

 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

25 سال میں ایسا کبھی نہیں دیکھا

دونوں طیاروں کے بحفاظت ایک دوسرے سے گزرنے کے بعد کنٹرولر نے کہا کہ اپنے 25 سالہ کیریئر میں انہوں نے دو طیاروں کو ایک ہی کال سائن کے ساتھ اس طرح قریب آتے کبھی نہیں دیکھا اور آنے والے طیارے کے پائلٹ نے بھی صورتحال سنبھالنے پر کنٹرولر کی تعریف کی۔

رپورٹس کے مطابق شکاگو سے آنے والی پرواز موسم کے باعث تاخیر کا شکار ہو گئی تھی جبکہ ایئرلائن نے فینکس سے مقررہ پرواز کو وقت پر روانہ کرنے کے لیے دوسرا طیارہ استعمال کیا، جس کے نتیجے میں دونوں ایک ہی فلائٹ نمبر کے ساتھ بیک وقت فضا میں موجود تھے۔

امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن اور امریکن ایئرلائنز معاملے کا جائزہ لیں گے۔