معروف ماڈل و اداکارہ اپنے گھر میں مردہ پائی گئیں، پولیس کی تحقیقات جاری

خاندان ذرائع کے مطابق اداکارہ ایک شخص کے ساتھ تعلق میں تھیں اور وقوعہ کے صبح فون پر بحث ہوئی تھی


ویب ڈیسک August 15, 2026

بنگلادیش کی ماڈل اور اداکارہ ردھیکا ردھی دارالحکومت ڈھاکا کے بشوندھرا رہائشی علاقے میں ہفتے کی صبح مردہ حالت میں پائی گئیں، جس کے بعد پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔

پولیس کے مطابق رِدھی کو صبح تقریباً 6 بجے ان کی رہائش گاہ سے تشویش ناک حالت میں برآمد کیا گیا اور فوری طور پر کرمیٹولا جنرل اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کردی۔

بھٹارا پولیس اسٹیشن کے انچارج مظہر الاسلام نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اطلاع ملنے پر پولیس اسپتال پہنچی، جہاں رِدھی کی لاش موجود تھی۔ ان کے مطابق اداکارہ کی والدہ اور دیگر اہل خانہ اس وقت پولیس اسٹیشن میں موجود ہیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی معلومات کی بنیاد پر واقعہ خودکشی کا معلوم ہوتا ہے، تاہم حتمی نتیجے تک پہنچنے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔ اہل خانہ کی شکایت کی بنیاد پر مقدمہ درج کرنے کی کارروائی بھی کی جا رہی ہے۔

خاندانی ذرائع کے مطابق رِدھیکا رِدھی ایک شخص کے ساتھ تعلق میں تھیں۔ پولیس کے مطابق ہفتے کی صبح دونوں کے درمیان ویڈیو کال پر بحث ہوئی، جس کے دوران مبینہ طور پر رِدھی نے اپنی جان لے لی۔ پولیس واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لے رہی ہے۔