ہاکی ورلڈ کپ، 8 سال بعد ایونٹ میں واپسی کرنے والی پاکستانی ٹیم کو انگلینڈ کے ہاتھوں 4-1 سے شکست

قومی ٹیم کی جانب سے واحد گول آخری کوارٹر میں افراز نے اسکور کیا


ویب ڈیسک August 16, 2026

ہاکی ورلڈ کپ میں 8 سال بعد واپسی کرنے والی پاکستانی ٹیم کو افتتاحی میچ میں ہی سخت دھچکا لگ گیا انگلینڈ نے گرین شرٹس کو 1-4 سے شکست دے دی۔

ایمسٹرڈیم میں کھیلے گئے گروپ ڈی کے میچ میں انگلینڈ نے ابتدا ہی سے پاکستان پر دباؤ برقرار رکھا اور میچ کے دوران مسلسل جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے چار گول داغ دیے۔

پاکستانی ٹیم کو انگلش دفاع کے خلاف مواقع پیدا کرنے میں مشکلات کا سامنا رہا۔ قومی ٹیم کی جانب سے واحد گول آخری کوارٹر میں افراز نے اسکور کیا تاہم یہ گول میچ کا رخ تبدیل نہ کرسکا۔

چار مرتبہ عالمی چیمپئن رہنے والا پاکستان 8 سال کے وقفے کے بعد ورلڈ کپ میں شریک ہوا ہے تاہم پہلے ہی مقابلے میں شکست نے ٹیم کی مہم کو مشکل بنا دیا ہے۔

پاکستان گروپ ڈی میں انگلینڈ کے علاوہ روایتی حریف بھارت اور ویلز کے ساتھ شامل ہے جبکہ جرمنی ٹائٹل کا دفاع کر رہا ہے۔

قومی ٹیم کے لیے اب اگلے میچز میں بہتر کارکردگی دکھانا ضروری ہوگا تاکہ ورلڈ کپ کے اگلے مرحلے تک رسائی کی امید برقرار رکھی جاسکے۔