بھارتی کرکٹ بورڈ کے انسدادِ بدعنوانی اور سیکیورٹی یونٹ نے تمل ناڈو کے ایک نوجوان کرکٹر کو میچ کے دوران ڈگ آؤٹ میں موبائل فون استعمال کرنے پر ایک لاکھ بھارتی روپے جرمانہ کردیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 26 سالہ کرکٹر نے تمل ناڈو پریمیئر لیگ کے ایک میچ کے دوران ڈگ آؤٹ میں موبائل فون کے ذریعے اپنی گرل فرینڈ کو پیغامات بھیجے۔ کھلاڑی پر کسی قسم کی بدعنوانی کا الزام عائد نہیں کیا گیا، تاہم میچ کے دوران کھلاڑیوں اور میچ آفیشلز کے علاقے میں موبائل فون کا استعمال ضابطے کی خلاف ورزی ہے۔
تمل ناڈو کرکٹ ایسوسی ایشن کے ایک عہدیدار نے کھلاڑی کا نام ظاہر نہیں کیا اس لیے کہ ابھی انویسٹی گیشن جاری ہے، تاہم اس بات کی تصدیق کی کہ مذکورہ کھلاڑی بائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرتا ہے اور گزشتہ سال رنجی ٹرافی میں تمل ناڈو کی جانب سے دو نصف سنچریاں بھی اسکور کرچکا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایسوسی ایشن نے ابتدا میں کھلاڑی پر دو سال کی پابندی عائد کرنے پر بھی غور کیا، تاہم جرم سنگین نوعیت کا نہ ہونے کے باعث سخت کارروائی کے بجائے ایک لاکھ روپے جرمانے کا فیصلہ کیا گیا۔
ضابطے کے تحت کھلاڑیوں اور زیادہ تر معاون عملے کو میچ کے دوران اپنے موبائل فون بند کرکے جمع کرانا ہوتا ہے جبکہ میچ سے متعلق معلومات کے لیے صرف نامزد تجزیہ کار کو مخصوص مقام پر کمپیوٹر استعمال کرنے کی اجازت ہوتی ہے۔