لاہور کے علاقے ہنجروال میں نیاز بیگ حمزہ پارک کے قریب 7 سالہ بچہ کھلے مین ہول میں گرکر جاں بحق ہوگیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ہنجروال کے علاقے نیاز بیگ حمزہ پارک میں گٹر کے مین ہول میں گر کر 8 سالہ بچہ جاں بحق ہوگیا۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو کی امدادی ٹیمیں اور پولیس موقع پر پہنچی۔
پولیس کے مطابق بچہ حکیم اللہ گلی میں کھیل رہا تھا کہ اچانک کھلے مین ہول میں جا گرا۔ حادثے کے بعد بچے کو فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
پولیس نے بچے کی لاش تحویل میں لے کر ضروری قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔ دوسرے جانب واقعے پر واسا حکام نے مؤقف دیتے ہوئے کہا کہ مذکورہ علاوہ واسا لاہور کے دائرہ کار میں شامل نہیں ہوا۔
واسا حکام نے کہا کہ مذکورہ مقام واسا لاہور کی حدود سے باہر واقع ہے، موقع پر مقامی افراد کی جانب سے پرائیویٹ مزدوروں سے کام کروایا گیا، پرائیویٹ مزدور کام مکمل کرنے کے بعد مین ہول کھلا چھوڑ کر چلے گئے۔
انہوں نے کہا کہ مذکورہ مقام کا سیوریج انفراسٹرکچر واسا لاہور کے زیرِ انتظام نہیں ہے۔
عینی شاہد کے مطابق ٹھوکر نیاز بیگ کی حدود گلی میں 5 مین ہول کھلے ہوئے تھے، ضلعی انتظامیہ کی جانب سے گلی میں گٹر کے کے ڈھکن کھول کر پانی کی نکاسی کا کام چل رہا تھا۔
عینی شاہد کے مطابق ضلعی انتظامیہ کے اہلکار کی موجودگی میں بچہ کھلے مین ہول میں گرا۔ ضلعی انتظامیہ کے اہلکار کو اہل علاقہ نے منت کی کے بچے کو گٹر سے نکالو جس پر ضلعی انتظامیہ کے اہلکار نے جواب دیا کہ میرے کپڑے خراب ہو جائیں گے اور فرار ہو گیا۔
عینی شاہد نے بتایا کہ اپنی مدد آپ کے تحت اہل علاقہ نے بچے کو گٹر سے نکالا اور ریسکیو کے ذریعے جناح اسپتال لے گئے جس کی وجہ سے وہ جانبر نہ ہوسکا۔
اُدھر لاہور کے علاقے ہنجروال میں 7 سالہ بچے حکیم اللہ کے گٹر میں گر کر جاں بحق ہونے کے واقعے کا مقدمہ تھانہ ہنجروال میں درج کر لیا گیا۔
مقدمہ متعلقہ پٹواری سجاد اسلم کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔ ایف آئی آر کے متن کے مطابق سجاد حسین اور فریاد اپنی گلی کے گٹروں کی صفائی بغیر کسی متعلقہ ادارے کو اطلاع دیے کروا رہے تھے۔ اس دوران 7 سالہ حکیم اللہ گٹر میں گر گیا۔
ایف آئی آر کے مطابق بچے کے گٹر میں گرنے کے بعد سجاد حسین اور فریاد اسے نکالنے کے بجائے موقع سے فرار ہوگئے، جس کے باعث بچے کو گٹر سے نکالنے میں تاخیر ہوئی اور وہ جاں بحق ہوگیا۔
ایف آئی آر میں مزید مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سجاد حسین، فریاد اور 3 سے 4 نامعلوم افراد نے گٹروں کے ڈھکن کھول کر غفلت اور لاپرواہی کا مظاہرہ کیا، جو بچے کی موت کا سبب بنی۔
ایس ایچ او ہنجروال عامر انجم نے واقعہ کا مقدمہ درج کرکے مزید کارروائی شروع کردی ہے۔ڈی آئی جی آپریشنز لاہور محمد فیصل کامران کے مطابق جو بھی واقعہ میں قصور وار پایا گیا اس کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔