کراچی:
گلشن حدید میں گاڑی میں سوار نامعلوم مسلح ملزمان نے موٹرسائیکل پر سوار افراد پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں بیوی جاں بحق اور شوہر سمیت 2 افراد شدید زخمی ہوگئے جبکہ پولیس نے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق اسٹیل ٹاؤن تھانے کے علاقے گلشن حدید لنک روڈ اٹک پیٹرول پمپ کے قریب سفید رنگ کی آلٹو گاڑی میں سوارنامعلوم مسلح ملزمان نے موٹرسائیکل سوار افراد پراندھا دھند فائرنگ کردی اورموقع سے فرارہو گئے۔
فائرنگ کے نتیجے میں موٹرسائیکل پر سوار خاتون موقع پر جاں بحق اور 2 افراد شدید زخمی ہوگئے فائرنگ سے جاں بحق خاتون اورزخمی افراد کو فوری طورپرپہلے قریبی اسپتال اوربعدازاں جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس کے مطابق فائرنگ پسند کی شادی کرنے پرمبینہ طور پر مقتولہ خاتون کے گھر والوں کی جانب سے کی گئی، جاں بحق خاتون کی شناخت فاطمہ زہرا ولد منیر شاہ اورشدید زخمیوں کی شناخت اکبرعلی ولد شاہد علی اورعمیر ولد سمیع اللہ کے نام سے کی گئی، فائرنگ کے واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی اور جائے وقوعہ سے شواہد جمع کرنے کے لیے کرائم سین یونٹ کو بھی موقع پرطلب کرلیا۔
ایس ایچ او اسٹیل ٹاؤن جاوید ابڑو کے مطابق فائرنگ سے جاں بحق خاتون فاطمہ زہرا اورشدید زخمی اکبرعلی آپس میں میاں بیوی ہیں جبکہ زخمی عمیر ان کے ساتھ موجود تھا، فائرنگ کے واقعے میں جاں بحق اورزخمی میاں بیوی نے کچھ عرصہ قبل پسند کی شادی کی تھی اورعدالت میں بھی ان کا کیس چل رہا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ فائرنگ کے واقعے میں جاں بحق اور زخمی افراد ٹھٹھہ دھابیجی میں واقع اپنی رہائش گاہ سے کورنگی ڈھائی جا رہے تھے کہ گلشن حدید لنک روڈ اٹک پیٹرول پمپ کے قریب گاڑی میں سوارافراد کی جانب سے ان پر فائرنگ کی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق فائرنگ پسند کی شادی کرنے پرمبینہ طورپرمقتولہ خاتون کے گھروالوں کی جانب سے کی گئی، فائرنگ کے واقعے میں زخمی شوہراکبر علی کو 6 اورساتھی عمیر کو 2 گولیاں لگیں ہیں، زخمی شوہر کی حالت بھی انتہائی تشویشناک بتائی جارہی ہے، پولیس نے واقعے میں ملوث ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔
اسٹیل ٹاؤن کے علاقے گلشن حدید میں پسند کی شادی کرنے جوڑے پر فائرنگ سے شدید زخمی ہونے والے اکبر علی کے والد شاہد علی نے چھیپا سرد خانے پر مقتولہ فاطمہ کی میت رکھنے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ میرا بیٹا اکبر ٹھٹہ میں منیر شاہ کے ساتھ کیبل نیٹ کا کام کرتا تھا اس دوران بیٹے کی مینر شاہ کی بیٹی فاطمہ سے ملاقات ہوئی اور دونوں نے محبت ہوگئی لیکن میں نے اس کی شکایت لڑکی کے باپ سے کی کہ میرے لڑکے سے واسطہ ختم کرو ایسا نہ ہو کہ کوئی بات خراب ہوجائے لیکن انھوں نے میری بات کو نظر انداز کیا۔
انہوں نے کہا کہ میں نے اپنے بھانجوں کو بھی بتایا کہ لڑکی کے والد کو بتاؤ لیکن لڑکی کا باپ نہیں مانا اور بیٹے کو گھر سے بھی آکر لیجاتا رہا ، میں نے منع بھی کیا تو وہ نہیں مانا ، لڑکی نے زہر بھی کھالیا تھا اور لڑکی کا باپ میرے بیٹے کو لیکر پوری رات سول میں بیٹی کا علاج کراتا رہا صبح 6 بجے میرا بیٹا آیا تو اس نے بتایا کہ فاطمہ نے زہر کھالیا تھا، میری بات نہیں سنی گئی جس کے بعد لڑکی اور لڑکے نے اپنی مرضی سے نکاح کرلیا۔
شاہد علی کا کہنا تھا کہ لڑکی کے گھر والے ہمارے گھر آئے اور کہا کہ ہماری لڑکی تمھارے لڑکے کے ساتھ چلی گئی ہے جس کے بعد میں نے ہر جگہ تلاش کیا اور نکاح ہونے کے بعد میں نے لڑکی کو تلاش کر کے گھر والوں کے حوالے کر دیا اور انھوں نے کہا کہ محرم کا مہینہ گزر جائے اس کے بعد بات کرینگے ، میں نے اہلیہ کو ان کے گھر بھیجا کہ وہاں جا کر معلومات لو تو لڑکی کے گھر والوں نے کہا کہ ہم کورٹ کو نہیں مانتے اور یہ رشتہ نہیں کر سکتے یہ باتیں فاطمہ بھی سن رہی تھی جس کے بعد اس نے بیٹے سے رابطہ کیا اور کوئی حادثہ کرنے کی دھمکی دیکر اسے بلایا جس کے بعد وہ اسے لیکر چلا گیا اور انھوں نے کسی کو کچھ نہیں بتایا ، اس کے بعد پولیس کے ذریعے ہمیں تنگ کیا جاتا رہا۔
بعدازاں ہم نے بھی عدالت سے رجوع کیا ، انھوں نے بتایا کہ منگل کو عدالت نے لڑکی کو بالغ قرار دیدیا جبکہ عدالت نے پولیس کو تحفظ فراہم کرنے کا بھی کہا تھا، پولیس نے سیسی ٹول پلازہ تک انھیں چھوڑ دیا جس کے بعد میرا بھانجا انھیں لیکر کورنگی جا رہا تھا تو تعاقب میں آنے والے کار سوار لڑکی کے اہلخانہ کی جانب سے میرے بیٹے اکبر ، بہو فاطمہ اور بھانے عمیر پر فائرنگ کی گئی جس میں بہو فاطمہ جاں بحق ہوگئی۔
انہوں نے بتایا کہ بیٹے کو 6 جبکہ بھانجے کو 3 گولیاں لگی تھیں اور وہ زیر علاج ہیں۔ انھوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ مجھے انصاف فراہم کیا جائے اور واردات میں ملوث تمام ملزمان کو گرفتار کیا جائے ۔
دوسری جانب اسٹیل ٹاؤن پولیس نے گلشن حدید میں پسند کی شادی کرنے والے جوڑے پر فائرنگ کے الزام میں ٹھٹھہ کے علاقے میں چھاپہ مار کر ایک ملزم کو حراست میں لے لیا ہے جسے تھانے منتقل کیا جا رہا ہے ۔