وفاقی حکومت کی جانب سے ستارہ امتیاز کے لیے ماہرہ خان اور فہد مصطفیٰ کے نام دو بار مسترد

انہوں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ فنکاروں اور ثقافتی شعبے کو اہمیت دی جائے۔


ویب ڈیسک August 21, 2026

پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان اور اداکار فہد مصطفیٰ کو ستارہ امتیاز دینے کیلئے دو مرتبہ نامزد کیے جانے کے باوجود وفاقی حکومت کی جانب سے ان کے نام منظور نہ کیے جانے کا دعویٰ سامنے آیا ہے۔

سندھ کے وزیر ثقافت و سیاحت سید ذوالفقار علی شاہ نے کراچی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’محکمہ ثقافت سندھ نے دونوں فنکاروں کے نام دو مختلف مواقع پر ستارہ امتیاز کیلئے تجویز کیے تھے۔ نامزدگیاں معروف شخصیات پر مشتمل کمیٹی کی سفارش پر کی گئیں، مگر وفاقی سطح پر دونوں ناموں کو ایوارڈ کیلئے منتخب نہیں کیا گیا اور اس کی وجہ بھی واضح نہیں کی گئی۔‘‘

 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

صوبائی وزیر نے سوال اٹھایا کہ ’’پاکستان کی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں نمایاں خدمات کے باوجود ماہرہ خان اور فہد مصطفیٰ کو قومی سطح پر اعزاز کیوں نہیں دیا گیا؟ سندھ سے تعلق رکھنے والے فنکاروں نے نہ صرف پاکستان بلکہ بھارت اور خلیجی ممالک میں بھی اپنی صلاحیتوں کے ذریعے ملک کی ثقافتی شناخت کو اجاگر کیا ہے۔‘‘

ذوالفقار علی شاہ نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ فنکاروں اور ثقافتی شعبے کو زیادہ اہمیت دی جائے اور ملک کا نام روشن کرنے والی شخصیات کی قومی سطح پر حوصلہ افزائی کی جائے۔