امریکا: پیٹرول بھروانے کے لیے رکنے والے جوڑے نے لاکھوں ڈالر جیت لیے

شادی شدہ جوڑا چھٹیوں سے واپسی پر پیٹرول بھروانے کے لیے پمپ پر رکا


ویب ڈیسک August 23, 2026

امریکا میں پیٹرول پمپ پر چھٹیوں سے واپسی پر پیٹرول بھروانے کے لیے رکنے والے ایک شادی شدہ جوڑے نے لاکھوں ڈالر کا انعام جیت لیا۔

ریاست مشی گن میں ایک میاں بیوی چھٹیوں سے گھر واپس آتے ہوئے پٹرول بھروانے کے لیے ایک اسٹیشن پر رکے اور یہ مختصر سا قیام ان کے لیے پانچ لاکھ ڈالر کی خوش قسمتی لے آیا۔

جینیسی کاؤنٹی سے تعلق رکھنے والے 64 سالہ شخص نے بتایا کہ انہوں نے اسٹینڈِش کے ایک پٹرول اسٹیشن پر رکنے سے قبل لاٹری ٹکٹ خریدنے کا کوئی ارادہ نہیں کیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ ادائیگی کے لیے قطار میں کھڑے تھے تو ان سے آگے موجود شخص نے کئی اسکریچ آف ٹکٹ خریدے، جس سے انہیں بھی لاٹری ٹکٹ خریدنے کا خیال آیا۔ انہوں نے اپنے اور اپنی اہلیہ کے لیے دو، دو ٹکٹ خریدے۔

گھر پہنچنے کے بعد جوڑے نے رات کو بیٹھ کر ٹکٹ اسکریچ کیے۔ شوہر نے جب ایک ٹکٹ پر پانچ لاکھک ڈالر کا انعام دیکھا تو انہیں یقین ہی نہیں آیا۔

انہوں نے بتایا کہ انہوں نے اور ان کی اہلیہ نے کئی مرتبہ ٹکٹ کو غور سے دیکھا تاکہ یقین کر سکیں کہ وہ واقعی پانچ لاکھ ڈالر جیت چکے ہیں۔ ان کے بقول، انہیں مسلسل لگتا رہا کہ شاید انہوں نے ہدایات غلط سمجھی ہیں اور دراصل کوئی چھوٹا انعام جیتا ہے۔

یوں چھٹیوں سے واپسی پر محض پٹرول کے لیے کیا جانے والا ایک مختصر پٹ اسٹاپ اس جوڑے کی زندگی کا یادگار ترین سفر بن گیا۔