ڈاکٹر دلہن کی اپنی شادی چھوڑ کر مریضوں کی جان بچانے کی ویڈیو وائرل

شیریں دلہن بنی اسٹیج پر تھیں کہ اس دوران کیٹرنگ ٹیم کی دو خواتین کی طبیعت خراب ہوگئی جس پر وہ فوراً مدد کو پہنچ گئیں


ویب ڈیسک August 24, 2026

ڈاکٹر دلہن نے اپنی شادی کے دوران بھی فرض کی ادائیگی کرکے سوشل میڈیا صارفین کے دل جیت لیے۔

رپورٹ کے مطابق بھارت کی ریاست کیرالا سے تعلق رکھنے والی ڈاکٹر شیریں سبیر اپنی شادی کی تقریب میں دلہن بنی اسٹیج پر تھیں کہ اسی دوران کیٹرنگ ٹیم کی دو خواتین کی طبیعت اچانک خراب ہوگئی۔ ایک خاتون کو ناک سے خون بہنے لگا جبکہ دوسری کو چکر آئے اور وہ نڈھال محسوس کرنے لگی۔

اس موقع پر ڈاکٹر شیریں نے بغیر کسی ہچکچاہٹ کے اپنی شادی کی رسومات کو وقتی طور پر روک دیا اور دلہن کے لباس میں ہی مریض خواتین کے پاس پہنچ گئیں۔ انہوں نے فوری طور پر دونوں کا معائنہ کیا اور ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔

ناک سے خون آنے والی خاتون کو انہوں نے ہدایت دی کہ وہ آگے کی طرف جھک کر ناک کے نرم حصے کو 10 سے 15 منٹ تک دبائے رکھیں اور منہ سے سانس لیں۔ جبکہ چکر آنے والی خاتون کو لٹا کر اس کی ٹانگیں اوپر کرنے کا کہا گیا تاکہ خون کی روانی بہتر ہو سکے۔

ڈاکٹر شیریں اس وقت مقامی اسپتال میں ایمرجنسی میڈیسن میں ایم ڈی کر رہی ہیں۔ ان کی پیشہ ورانہ تربیت نے انہیں اس صورتحال میں پُرسکون رہنے اور فوری مدد فراہم کرنے میں مدد دی۔

یہ لمحہ ویڈیو میں محفوظ ہوگیا جو بعد ازاں سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا جہاں صارفین نے ڈاکٹر دلہن کے جذبۂ انسانیت اور فرض شناسی کو خوب سراہا۔

ڈاکٹر شیریں کا کہنا تھا کہ شادی میں موجود لوگوں کو معلوم تھا کہ وہ ڈاکٹر ہیں، اسی لیے انہوں نے مدد کے لیے انہیں بلایا اور انہوں نے بطور ڈاکٹر اپنا فرض ادا کیا۔