پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کی انگلینڈ کے تاریخی لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں قومی ٹیم کے لیجنڈ بلے باز اور سابق کپتان انضمام الحق کے پورٹریٹ کے ساتھ تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔
پاکستانی ٹیم نے لارڈز میں دوسرے ٹیسٹ کی تیاری کے لیے ٹریننگ سیشن میں حصہ لیا جس کے دوران کپتان بابر اعظم سمیت دیگر کھلاڑیوں نے لارڈز کے پویلین میں موجود انضمام الحق کے پورٹریٹ کے ساتھ تصاویر بنوائیں۔
لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں انضمام الحق کا پورٹریٹ ایک دہائی سے زائد عرصے سے موجود ہے۔ انضمام نے پاکستان کی جانب سے 120 ٹیسٹ، 378 ون ڈے اور ایک ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلا۔
لارڈز کرکٹ گراؤنڈ کی جانب سے سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی تصویر میں انضمام الحق کے بھتیجے امام الحق، بابر اعظم سمیت پاکستان کے پانچ کرکٹرز کو لیجنڈ بلے باز کے پورٹریٹ کے ساتھ دیکھا جاسکتا ہے۔
انضمام الحق نے اپنے شاندار بین الاقوامی کیریئر کا اختتام پاکستان کی جانب سے جاوید میانداد اور سعید انور کے ساتھ ملک کے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے بازوں میں شامل ہوکر کیا۔ انہیں 2019 میں میریلیبون کرکٹ کلب (ایم سی سی) کی جانب سے اعزازی تاحیات رکنیت بھی دی گئی تھی۔
دوسری جانب پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کا دوسرا مقابلہ 27 اگست سے لارڈز میں شروع ہوگا۔ لیڈز میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں انگلینڈ نے پاکستان کو اننگز اور 103 رنز سے شکست دی تھی۔
پاکستان کو سیریز میں واپسی کے لیے لارڈز ٹیسٹ میں کامیابی حاصل کرنا ضروری ہے۔ قومی ٹیم نے لارڈز میں اپنے گزشتہ دو ٹیسٹ 2016 اور 2018 میں جیتے تھے۔