پشاور میں غیر ملکی و ملکی شہریوں کو اغوا کرنے والا گروہ گرفتار، 4 مغوی بازیاب

دیگر ممکنہ ساتھیوں اور جرائم سے متعلق بھی تحقیقات جاری ہیں


ویب ڈیسک August 30, 2026

پشاور کے تھانہ گلبہار پولیس نے غیر ملکی شہریوں اور ضلع خیبر کے رہائشی کو اغوا کرنے والا تین رکنی گروہ گرفتار کرلیا جبکہ 4 مغوی بحفاظت بازیاب کرلیے۔

پولیس نے خفیہ اطلاع اور جدید تفتیشی ذرائع کی مدد سے گلبہار نمبر 2 میں واقع ایک مکان پر چھاپہ مارا اور محبوس 4 مغویوں کو بحفاظت بازیاب کرلیا، مغویوں میں 3 نائجیرین شہری اور ضلع خیبر کا ایک رہائشی شامل ہیں۔

بازیاب ہونے والے نائجیرین شہریوں کی شناخت اسٹن نوان کواب، مائیکل اسٹن اور جنتن اسٹن، ضلع خیبر سے تعلق رکھنے والے مغوی کی شناخت نصرت خان ارباب کے نام سے ہوئی.

کارروائی کے دوران پولیس نے واردات میں ملوث تین اغوا کاروں کو بھی گرفتار کرلیا، جن کی شناخت آصف محمود عباس سکنہ شاہین بازار، عمر فاروق اور عثمان غنی پسران عتیق احمد ساکنان گلبہار کے ناموں سے ہوئی۔

گرفتار ملزمان نے مغویوں کو لاہور سے پشاور منتقل کیا اور تھانہ گلبہار کی حدود گلبہار نمبر 2 میں واقع مکان کے گراؤنڈ فلور میں غیر قانونی طور پر محبوس رکھا ہوا تھا۔

ملزمان مغویوں کے ورثا سے 25 ہزار امریکی ڈالر تاوان کا مطالبہ کر رہے تھے، ابتدائی تفتیش کے مطابق گرفتار ملزمان بین الاقوامی سطح پر آئس سمیت دیگر منشیات کے دھندے میں بھی ملوث ہے، جس حوالے سے مزید تفتیش جاری ہے۔

پولیس نے گرفتار ملزمان کے قبضے سے ایک کالاکوف، دو پستول ، کارتوس ، منشیات اور دیگر اشیاء بھی برآمد کرلی گئی ہے.

گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے، جبکہ گروہ کے دیگر ممکنہ ساتھیوں اور جرائم سے متعلق بھی تحقیقات جاری ہیں۔