وزیراعظم نوشتہ دیوار پڑھ لو! حکومت گرانے کا اعلان کردیا تو ہمیں سنبھال نہیں سکو گے، حافظ نعیم

پہلے ہڑتال پھر لانگ مارچ ہوگا، انقلاب کی کال دوں گا پھر تیار رہنا اس کا سامنا کرنے کے لیے، لیاقت باغ جلسے سے خطاب


اسٹاف رپورٹر August 30, 2026

راولپنڈی:

سربراہ جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نےکہا ہے کہ وزیراعظم نوشتہ دیوار پڑھ لو! مسئلہ حل کرو ورنہ تین ستمبر شٹرڈاون اور پھر لانگ مارچ کی کال دوں گا، ہمارا لانگ مارچ شروع ہوا اور ہم نے اگر حکومت کا تختہ الٹنے کا اعلان کردیا تو سنبھال نہیں سکو گے۔

یہ بات انہوں نے راول پنڈی لیاقت باغ میں جماعت اسلامی کے جلسے سے خطاب میں کہی۔ انہوں ںے کہا کہ لاہور میں ہی اعلان کیا تھا ہر صورت لیاقت باغ جلسہ کریں گے، اگر جلسہ نہیں ہونے دو گے تو راولپنڈی اسلام آباد کی سڑکیں دھرنوں سے بھر جائیں گی۔

حافظ نعیم نے کہا کہ پاکستان کا المیہ یہ ہے کہ بڑے بڑے لیڈر شہید کردیے جاتے ہیں قوم کے محسنوں کے قاتل نہیں پکڑے جاتے، اس وقت پی ڈی ایم کی حکومت ہے ن لیگ، ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی حکومت میں شامل ہیں مگر زرداری بینظیر بھٹو کے قاتل نہ پکڑسکے۔

سربراہ جماعت اسلامی نے کہا کہ یہ فارم 47 پر آئے ہوئے لوگ ہیں جنہیں قوم نے مسترد کردیا، یہ قوم کو کچھ نہیں دے سکتے، شہباز اسپیڈ مہنگائی بڑھانے میں استعمال ہورہی ہے، لیوی بھتہ ایک جگا ٹیکس ہے جو مزدور، کسانوں ہر شخص سے وصول کیا جارہا ہے، یہ لوگ دو نمبر کاموں کی پلاننگ کرتے ہیں قوم کو لوٹنے کی پلاننگ کرتے ہیں، ہمیں لیوی بھتہ اور آئی پی پیز کے خلاف ہمیں کھڑا ہونا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس وقت لوگ اذیت سے گز ر رہے ہیں، روز کسی بچی بچے کے ساتھ زیادتی اور قتل کا واقعہ ہوتا ہے، لوگوں کی جانیں اور عزت محفوظ نہیں، لوگ اپنی عزت کی خاطر تھانوں میں رپورٹ نہیں کراتے، سزاؤں کی شرح پانچ فیصد سے بھی کم ہے، مریم نواز اور زرداری کے پاکستان میں عزتیں محفوظ نہیں، ان کے پنجے سے لیاقت علی خان کا پاکستان چھڑانا ہے۔

سربراہ جماعت اسلامی نے کہا کہ ہمارے رکن قومی اسمبلی عبدالکبر چترالی نے زیادتی پر پھانسی دینے کا بل پیش کیا مگر ساری جماعتیں متحد ہوگئیں اور بل کمیٹی کو بھجوا دیا کہ امریکا ناراض نہ ہو، اب اس نظام کو بدلنا پڑے گا اور نظام بدلیں گے، ہمیں کہا گیا دھرنے میں کوئی نہیں آئے گا اور لیاقت باغ دیکھو چار بجے لیاقت باغ کھولا گیا اب دیکھو کتنے لوگ ہیں، اس لیاقت باغ کے جلسے سے تحریک ختم کرنے نہیں مسئلہ حل کرنے کے لیے شروع کی۔

حافظ نعیم نے وزیراعظم شہباز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نوشتہ دیوار پڑھ لو! مسئلہ حل کرو ورنہ تین ستمبر شٹرڈاون اور پھر لانگ مارچ کی کی کال دوں گا،  ہماری لانگ مارچ شروع ہوئی تم نہیں سنبھال نہیں سکو گے، ہم اگر حکومت کا تختہ الٹنے کا اعلان کریں گے تو سنبھال نہیں سکو گے۔

سربراہ جماعت اسلامی نے کہا کہ کہتے ہیں لیوی ٹیکس کے بغیر کیسے نظام چلے گا، میں کہتا ہوں بڑے گاڑیوں سے نکلو اور 1300 سی سی میں بیٹھو، آئی پی پیز بند کرو، یہ لوگ قوم کے بچوں سے بھتہ لیوی لیتے ہوئے اپنے کارخانوں کا ٹیکس بھی نہیں دیتے، کتنی کمپنیاں ان کی ہیں جن کو ٹیکس کی چھوٹ ہے، ہم سے ہر کام کا ٹیکس لیتے ہو اور اپنے لیے چھوٹ، سیدھے ہوجاؤ! ورنہ انقلاب کی کال دوں گا پھر تیار رہنا اس انقلاب کا سامنا کرنے کے لیے۔

حافظ نعیم نے ن لیگ پر شدید تنقید کی اور کہا کہ تم لوگوں نے ڈرامہ رچایا ہے، نواز شریف نے ووٹ کو عزت کیا دی اپنی سیٹ پر 70 ہزار جعلی ووٹ لیے، آزاد کشمیر میں عوام کے مسترد شدہ کو وزیر اعظم آزاد کشمیر نامزد کردیا، یہ شرم کا مقام ہے بڑی باتیں کرنے والے ایک خاندان کے غلام بنے ہوئے ہیں، سیاسی کارکن کو غلام بنا دیا زرداری شریف خاندان سے جان چھڑانا پڑے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز بتاؤ! گیارہ ہزار اسکول آؤٹ سورس کیوں کررہے ہیں؟ پونے تین کروڑ بچے پورے ملک میں اسکولوں سے باہر ہیں، مقابلہ ہورہا ہے کون زیادہ سرکاری اسکول آؤٹ سورس کرسکتا ہے،  اسپتالوں کو آؤٹ سورس کرکے جان چھڑائی جارہی ہے، سب کو ایک کوالٹی کی تعلیم آئینی حق ہے ان کو پچھے دھکیل دو ورنہ یہ روزگار تعلیم صحت سب چھین لیں گے۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کی صورتحال میں کیا گولی سے نظام چلاؤ گے؟ پاکستان کے نظریے کا نقصان ہورہا ہے فوج اور عوام کے درمیان خلیج بڑھ رہی ہے، گولیوں سے محبت نہیں نفرت کا بیج بو رہے ہو، بلوچستان کو کیوں سہولیات نہیں دے رہے ہو؟ خیبر پختونخوا میں کیا ہورہا ہے اسرائیلی موساد اور بھارتی گھس آتے ہیں، نفرتیں پروان نہ چڑھاؤ محبت سے ٹھیک کر، کشمیر راولاکوٹ دھرنا بات چیت سے مماملات طے کرو، دھرنے والے بھی مذاکرات کریں حکومت بھی کرے ہم بھی کردار ادا کرنے کو تیار ہیں۔

حافظ نعیم نے کہا کہ حکومت فورا لیوی ختم کرے، آئی پی پیز کو بند کرے، پٹرول کی قیمت 225 روپے لیٹر کرے، ہم نے یہاں چودہ دن دھرنا دیا ہماری ٹیم نے حکومت کی ٹیم کی آنکھیں کھول دیں، جماعت اسلامی جس کام کے پیچھے پڑجائے پیچھے نہیں ہٹتی، لیوی کا بھتہ اور آئی پی پیز ختم کرائیں گے پورے پاکستان میں دھرنے کے لیے ہمارے لوگ تیار ہیں، ہم آج دھرنا راولپنڈی والا شروع کردیے مگر تین ستمبر ہڑتال کرنی ہے، تین ستمبر کو پورے ملک میں اعلان کروں گا زبردست ہڑتال ہوگی، ہم سڑکیں نہیں شٹر ڈاؤن کریں گے یہ پاکستان کے ہر طالب علم شہری اور بزرگ مرد خواتین کی کال ہے۔

قبل ازیں جلسے سے دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔ جلسے میں خواتین، بزرگ اور مردوں کی بہت بڑی تعداد نے شرکت کی۔مقررین نے مہنگائی کے خلاف حکومت پر کڑی تنقید کی، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں  225 روپے چھ لیٹر مقرر کرنے کا مطالبہ کیا۔ جماعت اسلامی کے کارکنوں نے حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔