اسپیکر قومی اسمبلی نے تحریک انصاف کے استعفیٰ دینے والے ارکان کو طلب کرلیا

ارکان جمعرات اور جمعہ کو اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کے سامنے پیش ہوں گے جس دوران استعفوں کی تصدیق کی جائے گی

پارٹی کے تین ارکان اسمبلی نے تاحال استعفے نہیں بھجوائے۔ قومی اسمبلی سیکریٹریٹ، فوٹو: فائل

اسپیکر قومی اسمبلی نے تحریک انصاف کے مستعفی ہونے والے ارکان کو استعفوں کی تصدیق کے لئے طلب کرلیا ہے۔

قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے مطابق تحریک انصاف کے 26 ارکان کے استعفے درست قرار دیئے گئے ہیں اور 5 ارکان کے استعفے درست نہیں جبکہ پارٹی کے 3 ارکان اسمبلی نے تاحال استعفے نہیں بھجوائے، اسمبلی سیکریٹریٹ کی جانب سے مستعفیٰ ہونےوالے ارکان کو رواں ہفتے کے لئے نوٹس جاری کردیا گیا ہے جس کے تحت ارکان جمعرات اور جمعہ کو اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کے سامنے پیش ہوں گے جس دوران ان کے استعفوں کی تصدیق کی جائے گی۔


دوسری جانب تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ گلزارخان نے بھی اپنا استعفیٰ عمران خان کے حوالے کردیا ہے تاہم ناصر خٹک اور مسرت احمد زیب سے رابطہ نہیں ہو پارہا ہے۔

واضح رہے کہ تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کی ہدایت پر پارٹی کے ارکان نے اسپیکر قومی اسمبلی کے چیمبر میں اپنے استعفے جمع کرادیئے تھے تاہم اس کے ساتھ ہی ملک کی دیگر سیاسی جماعتوں نے اسپیکر قومی اسمبلی سے تحریک انصاف کے ارکان کے استعفوں کی منظوری کی کارروائی موخر کرنے کی درخواست بھی کررکھی ہے۔

 
Load Next Story