بھارت کی ریاست آسام میں فٹنس کے شوقین ایک ڈاکٹر جم میں ورزش کے دوران اچانک گر کر جان کی بازی ہار گئے۔
رپورٹس کے مطابق 47 سالہ ڈاکٹر سہین رحمان جو ناگاؤں میڈیکل کالج و اسپتال میں ایسوسی ایٹ پروفیسر تھے، معمول کے مطابق جم میں ورزش کر رہے تھے کہ اچانک بے ہوش ہو کر زمین پر گر گئے۔
واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا گیا کہ وہ ورزش کے دوران اچانک گر پڑے جس کے بعد انہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق ان کی موت کی ممکنہ وجہ کارڈیک اریسٹ یعنی دل کا اچانک بند ہو جانا بتائی جا رہی ہے تاہم حتمی وجہ کا تعین طبی رپورٹ آنے کے بعد ہی ہوگا۔
یہ واقعہ اس وقت سامنے آیا ہے جب حالیہ عرصے میں ورزش کے دوران اچانک اموات کے کیسز میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، جس پر ماہرین نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔
طبی ماہرین کے مطابق بعض اوقات شدید جسمانی ورزش ایسے افراد کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتی ہے جن میں دل کے پوشیدہ امراض موجود ہوں، اس لیے باقاعدہ میڈیکل چیک اپ اور احتیاطی تدابیر ضروری ہیں۔