سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ذمہ داروں کی حکومتیں ختم نہیں بلکہ اب ان حکمرانوں کو پھانسی لگے گی طاہرالقادری

شریف برادران نے اپنے بچاؤ کیلئے ماڈل ٹاؤن کا یک طرفہ ٹریبونل تشکیل دیا جس نے انصاف پر مبنی فیصلہ دیا،سربراہ پی اے ٹی

شہیدوں کے خون سے غداری نہیں ہوگی،ایسی جمہوریت کو نہیں مانتے جس میں حکمرانوں کے حقوق اورغریبوں کے حقوق اور ہوں،طاہرالقادری فوٹو؛ ایکسپریس نیوز

پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری کا کہنا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ٹریبونل کے فیصلے کے بعد بات حکومتوں کے خاتمے سے بڑھ کر شریف برادران کی پھانسی تک پہنچ چکی ہے، فیصلہ کن گھڑی میں 23 گھنٹے رہ گئے، اب یا تخت ہوگا یا تختہ ۔



پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے انقلاب مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ شریف برادران نے اپنے بچاؤ کے لئے سانحہ ماڈل ٹاؤن کا یک طرفہ ٹریبونل تشکیل دیا تھا لیکن اس نے بھی شہباز شریف اور پنجاب حکومت کو ذمہ دار قرار دیا ہے جبکہ وزیراعلی پنجاب نے 17 روز تک رپورٹ دبائے رکھی۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے درج کردہ بیان حلفی جھوٹا درج کرایا، ٹریبونل کے فیصلے کے بعد اب بات حکومتوں کے برطرف ہونے کی نہیں بلکہ شریف برادران کے خلاف مقدمہ درج کرانے کے بعد قانون کے مطابق پھانسی تک پہنچ چکی ہے۔


سربراہ عوامی تحریک کا کہنا تھا کہ شہیدوں کے خون سے غداری نہیں ہوگی،ایسی جمہوریت کو نہیں مانتے جس میں حکمرانوں کے حقوق اور اور غریبوں کے حقوق اور ہوں، ملک میں غریبوں اور یتیموں کی سننے والا کوئی نہیں، عوام کو دو وقت کی روٹی دستیاب نہیں، اسپتالوں میں علاج نہیں، عدالتوں میں انصاف نہیں ملتا تو لوگ سڑکوں پر انقلاب کے لئے نہ نکلیں تو کیا کریں۔


Load Next Story