باجوڑ:
خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ کے ذہین اور باصلاحیت نوجوان نے 6 سال میں اپنی مدد آپ کے تحت جہاز تیار کرلیا۔
سبحان اللہ نامی نوجوان نے محدود وسائل اور مشکلات کے باوجود 6 سال کی مسلسل محنت کے بعد اپنی مدد آپ کے تحت جہاز تیار کیا ہے جس کے بعد باصلاحیت نوجوان مقامی سطح پر لوگوں کی توجہ کا مرکز بن گیا۔
حکومت نے 6 ستمبر کو باجوڑ اسپورٹس کمپلیکس میں آزمائشی مظاہرے کے بعد اڑان کی اجازت دینے کا وعدہ کیا ہے۔
سبحان اللہ نے بتایا کہ بچپن سے شوق تھا اور ابتدائی عمر میں موٹر سائیکل مکینک کا کام سیکھا، بعد میں مشینری اور مختلف آلات کے بارے میں دلچسپی مزید بڑھتی گئی۔ جہاز کی تیاری میں مطلوبہ پرزہ جات اور دیگر سامان کے حصول کے لیے انہیں لاہور، تیمرگرہ اور پشاور سمیت مختلف شہروں کے سفر کرنا پڑے۔
نوجوان نے کہا کہ اگر حکومتی تعاون حاصل ہو تو مستقبل میں مزید جدید اور بڑے منصوبوں پر بھی کام کر سکتے ہیں، ایک جہاز تیار کرنے کے تجربے کے بعد اب وہ ایک ہفتے کے اندر دوبارہ ایسا جہازتیار کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ اس پورے سفر میں ان کے اہل خانہ نے ان کی حوصلہ افزائی اور مدد کی۔
جہاز تیار کرنے والے نوجوان کا تعلق باجوڑ کے ایک محنت کش طبقے سے ہے۔ سبحان اللہ کا خاندان سیزن کے دوران پنجاب میں چپل فروخت کرکے روزگار حاصل کرتا ہے۔