انگلینڈ کے ہاتھوں پاکستان کی شکست کے بعد قومی کرکٹ ٹیم کے لیگ اسپنر اسامہ میر کی جانب سے سوشل میڈیا پر کیا گیا مبہم اور طنزیہ کمنٹ وائرل ہوگیا۔
اسامہ میر نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی حالیہ پالیسی اور ٹیم مینجمنٹ پر بظاہر طنز کرتے ہوئے لکھا کہ حیرت کی بات ہے کہ کسی نے پورا سسٹم تباہ کردیا اور کسی کو پتہ بھی نہیں چلا۔
اسامہ میر نے اردو کی مشہور ضرب المثل "اب پچھتائے کیا جب چڑیاں چگ گئیں کھیت" بھی استعمال کی جسے کرکٹ شائقین پی سی بی کی جانب سے حالیہ تبدیلیوں پر ان کے ردعمل کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق انگلینڈ کے خلاف ابتدائی دو ٹیسٹ میچوں میں شکست اور سیریز ہاتھ سے نکلنے کے بعد پی سی بی نے ٹیم میں ہنگامی بنیادوں پر متعدد تبدیلیاں کیں، جن میں ہیڈ کوچ سرفراز احمد، بولنگ کوچ عمر گل اور سات کھلاڑیوں کو ڈراپ کرنا بھی شامل تھا۔
اسامہ میر نے اپنی پوسٹ کچھ دیر بعد ڈیلیٹ کردی، تاہم اس کا اسکرین شاٹ سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر گردش کر رہا ہے۔
اس پوسٹ پر کرکٹ شائقین کی جانب سے ملا جلا ردعمل سامنے آرہا ہے، جہاں بعض صارفین اسامہ میر کے مؤقف کی حمایت کررہے ہیں تو کچھ نے قومی کھلاڑی کی جانب سے ٹیم مینجمنٹ اور بورڈ پر اس انداز میں تنقید کرنے پر سوالات اٹھائے ہیں۔