دنیا بھر میں لوگ خوش قسمتی اور دولت کے حصول کے لیے مختلف طریقے آزماتے ہیں لیکن تھائی لینڈ میں اس مقصد کے لیے اپنائی جانے والی ایک انوکھی رسم نے سب کی توجہ حاصل کر لی۔
تھائی لینڈ کے تاریخی شہر ایوتھایا میں لوگ ایک مخصوص مقام پر پہنچ کر اپنی باری کا انتظار کرتے ہیں جہاں ان کے ماتھے، گالوں اور ٹھوڑی پر سونے کی انتہائی باریک پتیاں لگائی جاتی ہیں اور چند ہی لمحوں میں پورا چہرہ ایک چمکتے ہوئے ’گولڈن ماسک‘ جیسا دکھائی دینے لگتا ہے۔
یہ دراصل ’ناناتھونگ‘ نامی ایک قدیم روحانی رسم ہے جس کے ماننے والوں کا عقیدہ ہے کہ چہرے پر سونے کی پتیاں لگانے سے خوش قسمتی اور دولت حاصل ہونے کے ساتھ کام اور کاروبار میں کامیابی کے امکانات بھی بڑھتے ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ رسم خصوصاً چھوٹے تاجروں اور کاروباری افراد میں مقبول بتائی جاتی ہے۔ معاشی مشکلات یا کاروبار میں مندی کا سامنا کرنے والے کئی افراد اپنی قسمت بدلنے کی امید لیے یہاں کا رخ کرتے ہیں۔
رسم کے دوران فینگ شوئی کے ماہرین یا بدھ راہب شرکا کے چہروں پر سونے کی پتیاں لگاتے ہیں۔ عقیدے کے مطابق اس عمل سے نہ صرف دولت اور خوش قسمتی متوجہ ہوتی ہے بلکہ انسان کے اعتماد اور دوسروں سے بات چیت کی صلاحیت میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔
واضح رہے کہ یہ روحانی عقائد پر مبنی دعوے ہیں، سائنسی طور پر ثابت شدہ نتائج نہیں۔