پہلا حمل ضائع ہونے کے اگلے روز ہی شوٹنگ؛ شوہر کا رویہ کیسا رہا؟ گوہر خان نے بتادیا

کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ پہلا حمل ضائع ہوجائے گا، دو بیٹے ہوجانے کے باوجود یہ دکھ اب تک تازہ ہے، گوہر خان


ویب ڈیسک September 05, 2026
43 سالہ اداکارہ گوہر خان کا پہلا حمل ضائع ہوگیا تھا

بالی ووڈ اداکارہ اور ماڈل گوہر خان نے اپنی زندگی کے ایک انتہائی تکلیف دہ مرحلے سے پردہ اٹھاتے ہوئے بتایا ہے کہ شادی کے بعد پہلے حمل کا گر جانا سب سے بڑا دکھ ہے جو آج دو بچے ہونے کے باجود تازہ دم لگتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار 43 سالہ گوہر خان نے اداکارہ پرینیتی چوپڑا کے ایک شو ’’ماں کی بات ماں کے جذبات‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ گوہر نے شوہر زید دربار کے ساتھ اپنی نجی زندگی کے اس مشکل تجربے پر کھل کر گفتگو کی۔

اداکارہ گوہر خان نے بتایا کہ مجھے اور شوہر زید کو حمل کے دوران الٹراساؤنڈ میں بچے کی دھڑکن بھی سنائی دے چکی تھی اس لیے اسقاطِ حمل کی خبر ہم دونوں کے لیے انتہائی تکلیف دہ تھی۔

ماڈل و اداکارہ گوہر خان کے بول کبھی سوچا نہی تھا، پہلا حمل یوں ضائع ہوجائے گا۔ اس واقعے کو بھلانا آسان نہیں تھا اور آج بھی ہم دونوں اس بارے میں بات کرتے ہیں کیونکہ یہ ان کی زندگی کا ایسا تجربہ ہے جسے کوئی فراموش نہیں کرسکتا۔

گوہر خان نے اس لمحے کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ جب زید کو حمل کے ضائع ہونے کے بارے میں بتایا تو وہ کچھ دیر کے لیے جیسے سکتے میں چلے گئے لیکن اس خبر نے انھیں بھی اندر سے ہلا دیا تھا۔

گوہر خان نے بتایا کہ زید کو فوری طور پر سمجھ نہیں آرہا تھا کہ کیا ہوا ہے وہ بار بار ’کیا؟‘ کہتے رہے جبکہ میں خود بھی جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں اور پھوٹ پھوٹ کر رو پڑی تھی، یہ غم آج بھی تازہ ہے۔

اداکارہ اور ماڈل کا ابھی امتحان ختم نہیں ہوا تھا کیوں کہ حمل ضائع ہونے اس مشکل تجربے کے بعد گوہر خان کو نہ صرف ایک طبی عمل سے گزرنا پڑا بلکہ اگلے ہی روز شوٹنگ پر جانا پڑا تھا۔

گوہر خان نے تسلیم کیا کہ اس صدمے سے باہر نکلنے میں انہیں کافی وقت اور حوصلہ درکار تھا۔ زید نے بھی مشکل وقت میں حوصلہ بڑھایا اور یقین دلایا کہ مستقبل میں دوبارہ بچے کے لیے کوشش کریں گے۔

اس تکلیف دہ تجربے کے بعد گوہر خان اور زید دربار کے یہاں مئی 2023 میں بیٹے زیہان کی پیدائش ہوئی بعد ازاں دوسرے بیٹے فروان کی بھی پیدائش ہوئی جس کی حال ہی میں پہلی سالگرہ منائی گئی۔

گوہر خان نے اپنی کہانی بیان کرتے ہوئے اس بات پر بھی زور دیا کہ زندگی کے مشکل ترین تجربات کے باوجود امید اور مثبت سوچ انسان کو آگے بڑھنے کی طاقت دیتی ہے۔