ڈنمارک: باغیچے کی کھدائی کے دوران وائکنگ دور کا خزانہ دریافت

ماہرین کا اندازہ ہے کہ یہ خزانہ 10 ویں صدی میں وائکنگ عہد کے دوران زمین میں دفن کیا گیا تھا


ویب ڈیسک September 05, 2026

ڈنمارک میں ایک گھر کے باغیچے کی کھدائی کے دوران وائکنگ دور کا اب تک کا سب سے بڑا چاندی کا خزانہ دریافت کر لیا گیا، جس میں تقریباً 700 قیمتی اشیاء شامل ہیں۔

یہ غیر معمولی خزانہ رِینِلڈ کے علاقے میں ایک مکان کے مالک کو اس وقت ملا جب وہ گھر کے باہر نیا ٹائل والا ٹیرس بنانے کے لیے گھاس، پتھر اور بجری ہٹا رہا تھا۔ حیران کن طور پر دریافت صرف آدھے گھنٹے کی کھدائی کے بعد سامنے آگئی۔

ماہرین کے مطابق تقریباً 320 اشیاء اب بھی مٹی کے اپنے اصل برتن میں موجود تھیں، جن کا مجموعی وزن 6.4 کلو گرام ہے۔ باقی نوادرات اسی مقام کے اردگرد مٹی میں بکھرے ہوئے ملے۔

خزانے میں چاندی کے کنگن، چاندی کی سلاخیں، سکے اور مختلف نوادرات شامل ہیں۔ ان میں ایک انتہائی چھوٹا ہتھوڑا بھی ملا ہے جسے نورس دیوتا تھور سے منسوب کیا جا رہا ہے۔

دریافت ہونے والے خزانے میں 47 مکمل سکے اور سکے کے ٹکڑے بھی شامل ہیں جبکہ چاندی کے کاٹے گئے ٹکڑوں سمیت متعدد دیگر اشیاء بھی برآمد ہوئی ہیں۔

ماہرین کا اندازہ ہے کہ یہ خزانہ 10 ویں صدی میں وائکنگ عہد کے دوران زمین میں دفن کیا گیا تھا۔