کراچی: نجی اسپتال میں دورانِ ڈلیوری نومولود بچہ گلے پر تیز دھار آلے کے زخم سے جاں بحق

پولیس کا کہنا ہے کہ تاحال اسپتال انتظامیہ کے کسی فرد کو حراست میں نہیں لیا گیا


شاہ میر خان September 05, 2026

کراچی کے علاقے محمودآباد کے ایک نجی اسپتال میں دورانِ ڈلیوری نومولود بچہ گلے پر تیز دھار آلے کا زخم آنے کے باعث جاں بحق ہوگیا۔

پولیس کے مطابق نومولود کی میت قانونی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کردی گئی ہے جبکہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔ تاحال اسپتال انتظامیہ کے کسی فرد کو حراست میں نہیں لیا گیا۔

متاثرہ خاندان کے مطابق بچے کی والدہ کی اسپتال میں ڈلیوری کے دوران عملے کی مبینہ غفلت سے بچے کے گلے پر تیز دھار آلہ لگ گیا جس سے خون بہنے لگا۔ اہلخانہ کا کہنا ہے کہ اسپتال عملے نے ابتدا میں بچے کو مردہ پیدا ہونے کا بتایا، تاہم بعد میں بچے کی گردن پر زخم اور خون دیکھ کر انہیں واقعے کا علم ہوا۔

بچے کے تایا کے مطابق والد امین بس ڈرائیور ہے اور یہ ان کا چھٹا بچہ تھا۔ اہلخانہ کا کہنا ہے کہ وہ غریب لوگ ہیں اور کسی قسم کی قانونی کارروائی یا پوسٹ مارٹم نہیں کرانا چاہتے، تاہم ان کا مطالبہ ہے کہ ایسے واقعات میں اسپتالوں کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔

متاثرہ خاندان کالا پل کا رہائشی ہے اور اہلخانہ کا کہناہے کہ ہم بچے کو مزید تکلیف نہیں دینا چاہتے اور بچے کی لاش گھر لے کر جا رہے ہیں۔