ویمنز ایشیا کپ: بھارت نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی

روایتی حریف بھارت کے خلاف قومی ٹیم  کی قیادت فاطمہ ثنا نے کی


ویب ڈیسک September 05, 2026

ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ 2026 میں روایتی حریف بھارت نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔

پاکستان ویمنز ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 18.1 اوورز میں صرف 55 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور بھارت کو جیت کے لیے 56 رنز کا ہدف دیا۔ شوال ذوالفقار 14 اور منیبہ علی 13 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں، جبکہ کپتان فاطمہ ثنا سمیت 4 پاکستانی بیٹرز صفر پر آؤٹ ہوئیں۔ پاکستان کی 9 بیٹرز ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہوسکیں۔

بھارت کی جانب سے پریما راوت اور شری چرنی نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں۔

ہدف کے تعاقب میں بھارتی ویمنز ٹیم نے 15.3 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 56 رنز بنا کر کامیابی حاصل کرلی۔ شفالی ورما 12، اسمرتی مندھانا 9 اور پراتیکا راول 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں، جبکہ کپتان ہرمن پریت کور 12 اور دپتی شرما 12 رنز پر ناٹ آؤٹ رہیں۔

 

واضح رہے کہ پاکستان نے ایشیا کپ کے پہلے میچ میں تھائی لینڈ کو شکست دے کر فاتحانہ آغاز کیا تھا اور آج یہ پاکستان کا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں 200واں میچ تھا۔