ذہنی معذور خاتون پر جنسی حملہ کرنے والے اوباش لڑکے کو آوارہ کتوں نے سبق سکھا دیا

ویڈیو وائرل ہونے پر ملزم کو گرفتار کرلیا گیا


ویب ڈیسک September 06, 2026
آوارہ کتوں نے نشے میں دھت نوجوان کے جنسی حملے سے ذہنی معذور خاتون کو بچالیا (اے آئی سے بنوائی گئی تصوراتی تصویر)

بھارتی ریاست تمل ناڈو کے شہر کوئم بتور میں انسانیت کو شرما دینے والے واقعے کے دوران بے زبان جانوروں نے فرض شناسی کی انوکھی مثال قائم کر دی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق نشے میں دھت میں 16 سالہ لڑکا 30 سالہ ذہنی معذور خاتون کو سرعام جنسی طور پر ہراساں کر رہا تھا اور وہ خاتون مدد کے لیے چیخ رہی تھیں۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لڑکا وحشیانہ انداز میں خاتون پر حملہ آور ہوتا ہے۔ اسی دوران وہاں موجود آوارہ کتوں کا ایک جھنڈ خاتون کی مدد کو پہنچتا ہے۔

ایک کتا مسلسل بھونکتے ہوئے اور اپنے پنجوں سے لڑکے کو پیچھے دھکیلتے ہوئے اس پر جھپٹ پڑتا ہیے۔ کتوں کے اس اچانک اور شدید ردعمل سے خوفزدہ ہو کر لڑکا خاتون کو چھوڑ کر وہاں سے بھاگنے پر مجبور ہو گیا۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو حراست میں لے کر جووینائل ہوم (اصلاحی مرکز) منتقل کر دیا ہے۔

تحقیقات میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ مذکورہ لڑکے نے اس گھناؤنی حرکت سے کچھ دیر قبل ایک قریبی دکان کو بھی آگ لگائی تھی۔

سوشل میڈیا پر اس واقعے کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد صارفین نے ان آوارہ کتوں کو حقیقی ہیرو قرار دیا اور جانور کی وفاداری کی تعریف کی۔