ایران کی معاشی ناکا بندی امریکا کو ہی بھاری پڑے گی، پاسداران انقلاب کا بڑا دعویٰ

ایران کے خلاف حملوں اور پابندیوں میں واشنگٹن کامیاب نہیں ہوسکے گا، حسین محیبی


ویب ڈیسک September 06, 2026

تہران: ایران کے پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا کی جانب سے ایران پر عائد معاشی اور بحری ناکا بندی کا نقصان واشنگٹن کو تہران سے کہیں زیادہ ہوسکتا ہے۔

ایرانی خبر رساں ادارے مہر کے مطابق پاسداران انقلاب کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل حسین محیبی نے کہا کہ اگر امریکا ایران کو ایک ڈالر کا معاشی نقصان پہنچانے کی کوشش کرتا ہے تو اسے خود کئی ڈالر کے اخراجات اور نقصانات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

حسین محیبی نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سمجھتے ہیں کہ فوجی طاقت کے ذریعے ایران کو اپنے مطالبات ماننے پر مجبور کیا جاسکتا ہے، تاہم حالیہ واقعات نے اس سوچ کو غلط ثابت کیا ہے۔

ایرانی عہدیدار نے مزید دعویٰ کیا کہ امریکا پہلے ہی بھاری قرضوں اور چین سمیت بڑی عالمی طاقتوں کے ساتھ معاشی مسابقت کا سامنا کررہا ہے، اس لیے ایران کے خلاف حملوں اور پابندیوں میں واشنگٹن کامیاب نہیں ہوسکے گا۔

پاسداران انقلاب کے ترجمان کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان فوجی اور معاشی کشیدگی برقرار ہے اور ایران کے خلاف امریکی پابندیوں اور بحری دباؤ کے اثرات عالمی توانائی اور تجارت پر بھی زیر بحث ہیں۔