فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو شدید مخالفت کے باوجود صدارتی انتخابات میں چوتھی اور آخری مدت کے لیے دوبارہ امیدوار ہوں گے۔
فیفا کے ترجمان نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ انفانٹینو نے اپریل میں دوبارہ انتخاب لڑنے کا اعلان کیا تھا اور ان کے ارادے میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔
56 سالہ انفانٹینو کو فیفا ایونٹس میں نجی سرمایہ کاری لانے کے متنازع منصوبے فیفا فارورڈ انٹرپرائز پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا، تاہم یہ منصوبہ بعد ازاں ختم کردیا گیا۔
یورپی فٹبال کی گورننگ باڈی یوئیفا نے اس منصوبے کی مخالفت کرتے ہوئے انفانٹینو پر شدید الزامات عائد کیے تھے جبکہ شمالی امریکا کی کونکاکاف اور ایشین فٹبال کنفیڈریشن نے ان کی حمایت کی۔
انفانٹینو کے ممکنہ حریف کے طور پر کونکاکاف کے صدر وکٹر مونٹاگلیانی کا نام سامنے آرہا ہے جبکہ یوئیفا کے صدر الیگزینڈر چیفرین پہلے ہی انتخاب لڑنے سے انکار کرچکے ہیں۔
انفانٹینو اس وقت واحد اعلان شدہ امیدوار ہیں۔ انہیں دوبارہ منتخب ہونے کے لیے فیفا سے وابستہ 211 فٹبال فیڈریشنز میں سادہ اکثریت درکار ہوگی۔ امیدواروں کے کاغذات جمع کرانے کی آخری تاریخ 18 نومبر ہے۔ دوبارہ منتخب ہونے کی صورت میں وہ 2031 تک فیفا کے صدر رہیں گے۔