کراچی، شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس مقابلے، دو زخمیوں سمیت 3 ڈاکو گرفتار، ایک فرار

زخمی ڈاکوؤں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا


اسٹاف رپورٹر September 08, 2026
فوٹو: فائل

کراچی:

شہر قائد کے مختلف علاقوں میں مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران زخمی سمیت 3 ڈاکوؤں کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ ایک ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

زمان ٹاؤن پولیس کے مطابق کورنگی کے سو کوارٹر مچھی موڑ کے قریب گلاب جی شادی ہال کے نزدیک پولیس پارٹی گشت پر موجود تھی کہ ایک موٹرسائیکل پر سوار 2 مشکوک افراد کو رکنے کا اشارہ کیا گیا۔

پولیس کے مطابق ملزمان نے فرار ہونے کی کوشش کرتے ہوئے فائرنگ شروع کردی، جس پر پولیس نے جوابی فائرنگ کی۔

فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا جس کی شناخت محمد راشد ولد علی احمد کے نام سے کی گئی، جبکہ اس کا ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگیا۔

زخمی ملزم کو طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کے قبضے سے ایک 9 ایم ایم پستول، 2 زندہ راؤنڈز اور 2 موبائل فون برآمد کیے گئے ہیں، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔

دوسری جانب سچل پولیس نے پیر زمان سوسائٹی کے قریب مبینہ مقابلے کے دوران 2 ڈاکوؤں کو گرفتار کرلیا جن میں ایک ملزم زخمی بھی ہوا۔

پولیس کے مطابق زخمی حالت میں گرفتار ملزم کی شناخت شرجیل کے نام سے کی گئی، جسے طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا۔

ترجمان کراچی پولیس کے مطابق گرفتار ڈاکوؤں کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فون، نقدی اور ایک موٹرسائیکل برآمد کرلی گئی ہے، جبکہ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔