کراچی: گینگ وار کاشف ڈاڈا گروہ کے دو کارندے گرفتار

رینجرز نے شیرپاؤ کالونی سے اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث ملزم ارسلان شاہ ولد عبدالصمد کو گرفتار کرلیا


اسٹاف رپورٹر September 12, 2026
فوٹو: فائل

کراچی:

رینجرز اور پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے تین ملزمان کو گرفتار  کرلیا۔

کراچی کی کیماڑی پولیس نے گینگ وار کاشف ڈاڈا گروہ کے دو کارندوں نعمان اور شاہ میر کو گرفتار کرکے لاکھوں روپے مالیت کی منشیات برآمد کرلی۔

پولیس کے مطابق ملزمان منشیات اور رقم کی ترسیل کے لیے ’’ٹپالی‘‘ کا کوڈ ورڈ استعمال کرتے تھے اور روزانہ 4 سے 5 لاکھ روپے کی منشیات فروخت کرتے تھے۔

گرفتار ملزمان کے مطابق گروہ میں خواتین بھی منشیات فروشی میں اہم کردار ادا کرتی ہیں جبکہ گروہ کا سب سے کم عمر کارندہ 14 سالہ جلال ہے۔ ملزمان نے بتایا کہ کاشف ڈاڈا ایک واردات کے عوض 2 سے 3 ہزار روپے یا بعض اوقات منشیات دیتا تھا۔

دریں اثنا رینجرز نے لالاباد شیرپاؤ کالونی سے ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ''شیروگروہ'' سے تعلق رکھنے والے ملزم ارسلان شاہ ولد عبدالصمد کو گرفتار کرلیا۔ 

گرفتار ملزم کے قبضے سے 1عدد موبائل فون اور 1عدد 125 موٹرسائیکل (بغیر کاغذات) جبکہ ملزم کے ساتھی کے گھر سے وارداتوں میں استعمال ہونے والا 1عدد 30 بور پستول بمعہ ایمونیشن (بغیر لائسنس) برآمد کر لیا گیا۔

گرفتار ملزم اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ شیر پاؤ کالونی، داؤد چورنگی، ملیر، قیوم آباد، کورنگی اور ملحقہ علاقوں میں اسلحے کے زور پر نقدی، موبائل فونز، موٹرسائیکل چھیننے اور ڈکیتی مزاحمت پر راہگیروں کو زخمی کرنے کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہے۔