ائیرپورٹ ہیلتھ ڈپارٹمنٹ نے 14 ستمبر سے نادرا ویکسینیشن سرٹیفکیٹ کو بیرون ملک سفر کے لیے لازمی قرار دے دیا ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق حکام نے واضح کیا ہے کہ اب نادرا کا جاری کردہ ویکسینیشن کارڈ دکھائے بغیر کسی بھی مسافر کو بین الاقوامی پرواز میں سفر کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
یہ پابندی تمام بین الاقوامی مسافروں پر لاگو ہوگی، جبکہ عمرہ زائرین کو سفر پر روانہ ہونے سے قبل اپنے سرٹیفکیٹ کا حصول یقینی بنانا ہوگا۔
ایئرپورٹ ہیلتھ ڈپارٹمنٹ نے تمام ائیرلائنز کو ہدایت کی ہے کہ وہ عمرہ زائرین سمیت تمام غیر ملکی سفر کرنے والے مسافروں کے ویکسینیشن کارڈز کی جانچ پڑتال کو یقینی بنائیں۔ اس عمل کو شفاف بنانے کے لیے وفاقی حکومت کی سول ڈسپنسری کو ہی واحد ویکسینیشن مرکز کے طور پر نامزد کیا گیا ہے۔
اسی طرح ائیرپورٹ پر ویکسین لگوانے کے خواہشمند افراد کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی پرواز سے کم از کم 6 گھنٹے قبل ایئرپورٹ پہنچ جائیں۔ انٹرنیشنل ڈپارچر پر ویکسینیشن کی فراہمی کے ساتھ ساتھ آن لائن رجسٹریشن کا عمل بھی مکمل کیا جائے گا تاکہ مسافروں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
فیصلے کا اطلاق فی الحال کراچی ایئرپورٹ پر ہوگا، فوکل پرسن
کراچی ائیرپورٹ سے عمرہ ادائیگی کے لیے جانے والے مسافروں کو 14 ستمبر کے بعد نادرا ڈیجیٹل ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ کے بغیر سفر کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
وفاقی ائیرپورٹ ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ بارڈر ہیلتھ سروسز کے فوکل پرسن ڈاکٹر سید مرتضیٰ شاہ بخاری نے بتایا کہ پولیو، گردن توڑ بخار، یلو فیور اور انفلوئنزا کی ویکسین لگوانا لازمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیڈرل گورنمنٹ سول ڈسپنسری ویکسی نیشن کے لیے واحد مجاز مرکز ہے جہاں سے مسافر سرٹیفکیٹ حاصل کر سکتے ہیں۔
ڈاکٹر مرتضیٰ شاہ بخاری نے مزید کہا کہ اس اقدام کا اطلاق فی الحال کراچی سے شروع کیا جا رہا ہے، جس کے بعد پشاور، اسلام آباد اور لاہور ائیرپورٹس پر بھی یہ پابندی نافذ ہوگی۔ مستقبل میں یہ ویکسی نیشن عمرہ زائرین کے ساتھ ساتھ حاجیوں کے لیے بھی لازمی قرار دی جائے گی، لہذا مسافر سفر سے قبل تیاری مکمل کریں۔
افریقہ اور وسطی و جنوبی امریکا سے آنے والے مسافروں کے لیے یلو فیور کی ویکسینیشن لازمی قرار دی گئی ہے، جس کا اطلاق ان ممالک میں 10 گھنٹے تک ٹرانزٹ کرنے والے افراد پر بھی ہوگا۔ ایک سال یا اس سے زائد عمر کے مسافروں کے لیے پاکستان میں داخلے کے وقت ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ کا دکھانا اب لازمی عمل ہے۔
ڈاکٹر مرتضیٰ نے ہدایت کی کہ جن مسافروں کے پاس سرٹیفکیٹ نہیں، وہ پرواز کے وقت سے کم از کم 6 گھنٹے قبل ائیرپورٹ پہنچیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کراچی ائیرپورٹ کے ڈیپارچر لاؤنج میں ہیلتھ کاؤنٹرز قائم کیے جا رہے ہیں تاکہ ویکسی نیشن کا انتظام یقینی بنایا جا سکے اور مسافروں کو بروقت سہولت مل سکے۔
تمام ائیر لائنز کے اسٹیشن مینیجرز اور ٹریول ایجنٹس کو آگاہی نوٹس جاری کر دیے گئے ہیں۔ ڈاکٹر مرتضیٰ نے کہا کہ ائیر لائنز اور ایجنٹس اس بات کے پابند ہوں گے کہ وہ متعلقہ سرٹیفکیٹ کے بغیر کسی بھی مسافر کو بورڈنگ کارڈ جاری نہ کریں، تاکہ سفر میں کوئی رکاوٹ پیش نہ آئے۔