وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی صاحبزادی ماہ نور صفدر کے نکاح کی تصاویر اور ویڈیوز سامنے آنے کے بعد ان کا عروسی لُک سوشل میڈیا پر توجہ حاصل کر رہا ہے۔
ماہ نور صفدر نے اپنی زندگی کے خاص دن کیلئے روایتی مگر نفیس انداز کا انتخاب کیا جس میں آئیوری عروسی لباس، ڈائمنڈ جیولری، ہلکا میک اپ اور کھلے بال نمایاں رہے۔
لباس کی تفصیلات:
نکاح کیلئے ماہ نور صفدر نے معروف پاکستانی ڈیزائنر ندا اظہر کا تیار کردہ خوبصورت آئیوری رنگ کا لباس زیب تن کیا۔
دلہن نے بھاری رنگوں کے بجائے ہلکے اور کلاسک آئیوری رنگ کا انتخاب کیا جس نے نکاح کی نجی اور سادہ تقریب کیلئے ان کے لُک کو مزید نفیس بنایا۔
میک اپ کس نے کیا؟
ان کا برائیڈل میک اپ لاہور سے تعلق رکھنے والی میک اپ آرٹسٹ سحرش نے کیا اور دلہن کیلیے ’سافٹ اینڈ نیچرل میک اپ‘ کا انتخاب کیا جبکہ انہوں نے بالوں کو کھلا رکھا۔
جیولری کی تفصیلات:
ماہ نور صفدر نے اپنے آئیوری لباس کے ساتھ ڈائمنڈ جیولری کا انتخاب کیا، جس نے ان کے مجموعی نکاح لُک کو مزید نمایاں کیا۔
سوشل میڈیا پر جاری قیاس آرائیوں کے مطابق ماہ نور صفدر نے اپنے نکاح میں معروف جیولری برانڈ ’مواود‘ کا گلے کا ہار پہنچا جس کی مبینہ طور پر مارلیت 15 ملین ڈالر ہے اور یہ پاکستانی کرنسی کے حساب سے 4 ارب 20 کروڑ کی رقم بنتی ہے۔
ہار کی خصوصیت یہ ہے کہ اس میں 62.34 قیراط کا فینسی انٹینس ییلو ہیرا جڑا ہے اور اس کے گرد سفید ہیرے جڑے ہوئے ہیں۔
غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق مکمل جیولری سیٹ میں نیکلس، بریسلٹ، انگوٹھی اور ڈراپ ایئررنگز شامل ہیں، جن کی مجموعی تخمینی مالیت 42 ملین ڈالر (تقریباً 11.8 ارب پاکستانی روپے) ہے۔
دوسری جانب قیمتوں کے حوالے سے شریف خاندان کی جانب سے کوئی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ ماہ نور صفدر کا نکاح صنعت کار جبار خالد کے صاحبزادے اذان جبار سے ہوا جنہوں نے ایس او اے ایس یونیورسٹی آف لندن سے بیچلرز کی ڈگری حاصل کی، اسی یونیورسٹی سے ماہ نور صفدر نے بھی حال ہی میں گریجویشن مکمل کی ہے۔