کراچی:
اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے انٹرمیڈیٹ بارہویں جماعت کامرس ریگولر اور کامرس پرائیویٹ گروپس کے سالانہ امتحانات برائے 2026ء کے نتائج کا اعلان کردیا۔
چیئرمین انٹربورڈ کراچی فقیر محمد لاکھو نے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ رواں سال کامرس ریگولر گروپ کے امتحانات میں پہلی تینوں پوزیشنیں تابانیز کالج نارتھ ناظم آباد کیمپس کی طالبات نے حاصل کی ہیں جو تابانیز کالج کے معیاری تدریسی نظام، اساتذہ اورطلبہ کی محنت کا واضح ثبوت ہے۔
چیئرمین انٹربورڈ نے بتایا کہ کامرس ریگولر گروپ کے امتحانات میں پہلی پوزیشن تابانیز کالج نارتھ ناظم آباد کیمپس کی طالبہ آمنہ بنت محمد عارف رول نمبر 119179 نے ٹوٹل 1100میں سے 993 نمبرز اے ون گریڈ کے ساتھ حاصل کی۔ دوسری پوزیشن اسی کالج کی طالبہ مناہل ندیم بنت ندیم الحسن صدیقی رول نمبر 119180نے 983نمبرز اے ون گریڈ کے ساتھ جبکہ تیسری پوزیشن بھی اسی کالج کی طالبہ شفاعامر بنت عامر حبیب صدیقی رول نمبر 119178 نے 969نمبرز اے ون گریڈ کے ساتھ حاصل کی۔
چیئرمین بورڈ فقیر محمد لاکھو نے بتایا کہ کامرس پرائیویٹ گروپ کے امتحانات میں پہلی پوزیشن عریشہ ایاز بنت ایاز اختر عطاری رول نمبر 422034نے ٹوٹل 1100میں سے 914نمبرز اے ون گریڈ کے ساتھ حاصل کی، دوسری پوزیشن حفصہ بنت محمد عامر حنیف رول نمبر 421910 نے 901نمبرز اے ون گریڈ کے ساتھ جبکہ تیسری پوزیشن انوشہ بنت محمد صلاح الدین رول نمبر 422030 نے 874 نمبرز اے گریڈ کے ساتھ حاصل کی۔
ناظم امتحانات زرینہ راشد نے نتائج کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ کامرس ریگولر گروپ کے امتحانات میں 26ہزار 432 امیدواروں نے رجسٹریشن حاصل کی، 25ہزار 528 امیدوار امتحانات میں شریک ہوئے جس میں سے 14ہزار 132امیدوار کامیاب قرار پائے اس طرح کامیابی کا تناسب 55.36 فیصد رہا۔
انہوں نے بتایا کہ کامرس ریگولر گروپ میں 235امیدوار اے ون گریڈ، 1302اے گریڈ، 2942 بی گریڈ، 4993 سی گریڈ، 4291 ڈی گریڈ اور 369 ای گریڈ میں کامیاب قرار پائے۔
ناظم امتحانات زرینہ راشد نے بتایا کہ کامرس پرائیویٹ گروپ کے امتحانات میں 1815 امیدواروں نے رجسٹریشن حاصل کی، 1699امیدوار امتحانات میں شریک ہوئے جس میں سے 787 امیدوار کامیاب قرار پائے اس طرح کامیابی کا تناسب 46.32فیصد رہا۔
انہوں نے بتایا کہ کامرس پرائیویٹ گروپ میں دو امیدوار اے ون گریڈ، 52 اے گریڈ، 166 بی گریڈ، 270 سی گریڈ، 270ڈی گریڈ، 26 ای گریڈ میں کامیاب ہوئے جبکہ ایک امیدوار پاس قرار پایا، نتائج بورڈ کی ویب سائٹ www.biek.edu.pk پر اپ لوڈ کردیئے گئے ہیں۔ امیدوا ر اپنے نتائج اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کی آفیشل اینڈرائڈ ایپ پر بھی دیکھ سکتے ہیں۔ اینڈرائڈ ایپ کو گوگل پلے اسٹورپر BIEK کے نام سے سرچ کر کے موبائل میں انسٹال کیا جاسکتا ہے۔