کراچی میں خاتون کو ہراساں کرنے کا ایک اور واقعہ، ملزم ذہنی مریض قرار

علاقہ مکینوں نے خاتون کی نشاندہی پر ملزم کو پکڑ کر تشدد کے بعد پولیس کے حوالے کردیا


اسٹاف رپورٹر September 16, 2026

کراچی کے ضلع وسطی کے علاقے فیڈرل بی ایریا بلاک نو میں خاتون کو ہراساں کرنے کا واقعہ پیش آیا، مکینوں نے اوباش کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق فیڈرل بی ایریا (دستگیر) بلاک 9 میں بچوں کے ساتھ جانے والی خاتون کو ایک شخص نے ہراساں کیا جس پر لڑکی نے شور شرابہ کردیا۔

خاتون کے شور شرابے پر مکینوں نے اوباش کو پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنایا اور پھر اُسے پولیس کے حوالے کردیا۔ ایک شہری نے ملزم کے اعترافی بیان کی ویڈیو بھی بنائی۔

پولیس کے مطابق ویڈیو میں نظر آنے والا شخص ذہنی مریض ہے جس کی والدہ نے واقعے کے بعد تھانے آکر بیان ریکارڈ کروایا۔ اہل خانہ نے پولیس کو بیان میں بتایا کہ ہم اورنگی ٹاؤن کے رہائشی ہیں جبکہ مذکورہ شخص کو دماغی بیماری کی وجہ سے گھر میں باندھ کر رکھا جاتا ہے۔