سرجانی ٹاؤن میں ماں اور تین کمسن بچوں کا لرزہ خیز قتل، 8 رکنی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل

پولیس نے سسر کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا، مرنے والوں کی آہوں سسکیوں کے ساتھ تدفین، علاقے کی فضا سوگوار


منور خان September 16, 2026

کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں ماں اور تین کمسن بچوں کے لرزہ خیز قتل کی تحقیقات کیلیے 8 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ڈی آئی جی ویسٹ زون عرفان علی بلوچ نے سرجانی میں ماں مہوش دختر ارشاد اور ان کے 3 بچوں کے لرزہ خیز قتل کی تحقیقات کے لیے ایس ایس پی ڈسٹرکٹ ویسٹ طارق الہی مستوئی کی سربراہی میں 8 رکنی کمیٹی تشکیل دیدی۔

تحقیقاتی کمیٹی کی تشکیل کا حکم نامہ بھی جاری کر دیا گیا ، قائم کی گئی 8 رکنی کمیٹی کے دیگر ممبران میں ایس پی انویسٹی گیشن ویسٹ دانیہ رانا، ایس ڈی پی او خواجہ اجمیر نگری ڈی ایس پی فرید خان ، ایس ایچ او سرجانی انسپکٹر ناصر محمود ، انسپکٹر رشید رند ، انسپکٹر ریاض بھنگوار ، انسپکٹر سلامت علی لاشاری انچارج انویسٹی گیشن سی آئی سی لیاقت آباد اور انچارج ٹیکنیکل ٹیم ویسٹ زون اور ڈسٹرکٹ ویسٹ شامل ہیں۔

حکم نامے کے مطابق کمیٹی اس لرزہ خیز قتل کی تحقیقات اور محرکات کے حوالے سے اپنی تفتیش اور اس حوالے سے ہونے والی پیش رفت سے ڈی آئی جی ویسٹ کو آگاہ کرے گی۔

قبل ازیں سرجانی ٹاؤن میں قتل ہونے والی خاتون اور تین بچوں کی لاشیں گھر پہنچنے پر محلے کی فضا سوگوار اور ہر آنکھ اشکبار تھی جبکہ عصر کے بعد نماز جنازہ ادا کر کے متوفین کی تدفین کردی گئی۔

علاوہ ازیں پولیس نے سسر کی مدعیت میں واقعے کا مقدمہ نامعلوم افراد کے خلاف درج کرلیا۔