پشاور/
لاہور:
وزیراعظم فیول ریلیف اسکیم کے تحت کراچی سمیت ملک کےدیگر بڑے شہروں میں سستے پیٹرول کی فراہمی شروع ہوگئی، تاہم شہریوں کو رجسٹریشن اور رعایتی پیٹرول کے حصول میں مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑ رہا ہے۔
کراچی کے مخصوص پیٹرول پمپس پر ریلیف اسکیم کے تحت پیٹرول کی فراہمی شروع کر دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق موبائل پر موصول میسج دکھا کر 5 لیٹر پیٹرول کی خریداری پر فی لیٹر 100 روپے کا ریلیف مل رہا ہے، تاہم اسکیم کے تحت صارفین کو فیول کی فراہمی میں مشکلات کا سامنا ہے۔
رعایتی قیمت پر پیٹرول فروخت کرنے والے پمپس کے لیے کوئی ایپلی کیشن نہیں بنائی گئی، عملہ مینوئل طریقے سے ٹوکن دیکھ کر رسیدیں بنا رہا ہے۔
صارفین کا مطالبہ ہے کہ فیول ریلیف کا عمل وقت طلب ہے آسان بنایا جائے اور تمام پیٹرول پمپس پر رعایتی قیمت پر پیٹرول ریلیف اسکیم کا اطلاق کروایا جائے۔
ادھر، لاہور میں ضلعی انتظامیہ نے وزیراعظم فیول ریلیف پیکیج پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے رات گئے شہر کے پیٹرول پمپس کی نگرانی اور چیکنگ کی۔
ڈپٹی کمشنر لاہور کی ہدایت پر تمام اسسٹنٹ کمشنرز، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرز اور پیرا فورس فیلڈ میں متحرک ہیں، جبکہ شہریوں کی سہولت کے لیے پیٹرول پمپس پر پبلک فیسیلی ٹیشن ڈیسک بھی قائم کیے گئے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز کے مطابق پیٹرول پر 100 روپے سبسڈی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے، کسی قسم کی بے ضابطگی یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ پیٹرولیم مصنوعات کی سبسڈی والے نرخوں پر فراہمی کا باقاعدہ آغاز بھی ہو چکا ہے۔
دوسری جانب پشاور سمیت ملک بھر میں وزیراعظم پیٹرول ریلیف اسکیم کا باضابطہ اجرا کر دیا گیا ہے۔
پشاور کے شہریوں کو رجسٹریشن کے عمل میں مشکلات کا سامنا ہے، طویل مذاکرات کے بعد پیٹرول پمپ مالکان نے اسکیم کے تحت پیٹرول کی فراہمی پر رضامندی ظاہر کر دی ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کی پیٹرول ریلیف اسکیم اچھی ہے، تاہم اس کا طریقہ کار پیچیدہ ہونے کے باعث پریشانی کا سامنا ہے۔
شہریوں نے حکومت اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ اسکیم کے نفاذ کو فوری طور پر آسان بنایا جائے۔