سعودی عرب کے شہر طائف میں حوثیوں کی جانب سے بھیجے گئے ڈرون کو راستے میں روک کر تباہ کردیا گیا تھا تاہم ڈرون کا ملبہ آبادی پر گرنے سے جانی نقصان ہوا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی سول ڈیفنس کے ترجمان نے بتایا کہ یہ واقعہ جمعرات کو طائف گورنری میں پیش آیا تھا جہاں حوثیوں کے ڈرون کو فضا میں ہی تباہ کردیا گیا تھا۔
انھوں نے مزید بتایا کہ ڈرون کے یہ طائف شہر کے ٹکڑے مختلف مقامات پر گرے جس سے گھروں اور گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا اور ایک یمنی شہری جاں بحق جب کہ دو افراد زخمی ہوگئے۔
ترجمان سعودی سول ڈیفنس نے بتایا کہ زخمیوں میں ایک سعودی خاتون اور ایک پاکستانی شہری شامل ہیں جنھیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔ پاکستانی شہری کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
سعودی حکام نے تصدیق کی یہ ڈرون حوثیوں کی جانب سے سرحدی علاقے سے لانچ کیا گیا تھا۔ ڈرون کا رخ طائف شہر کی طرف تھا لیکن سعودی فضائی دفاع نے اسے ہدف تک پہنچنے سے قبل ہی روک دیا۔
انھوں نے مزید بتایا کہ فضا میں ڈرون تباہ ہوگیا لیکن اس کے ٹکڑے شہری آبادی میں گرنے کے باعث جانی و مالی نقصان ہوا۔