وہ 10 اوورز نہیں کر سکتا، گمبھیر نے ہاردک پانڈیا کی ٹیم میں واپسی کا امکان مسترد کردیا

ہاردک پانڈیا کی عدم موجودگی میں نتیش کمار ریڈی نے خود کو ایک قابلِ اعتماد متبادل کے طور پر ثابت کیا ہے، ہیڈ کوچ


اسپورٹس ڈیسک September 18, 2026

بھارتی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر نے کہا ہے کہ ہاردک پانڈیا کو مکمل میچ فٹنس ثابت کیے بغیر انٹرنیشنل کرکٹ میں واپس لانے میں جلد بازی نہیں کی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق ہاردک پانڈیا کو 2026 کی آئی پی ایل کے بعد پہلی بار ایکشن میں واپسی کے لیے آسٹریلیا اے کے خلاف ون ڈے میچز کے لیے بھارت اے اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔

گمبھیر کے مطابق ہاردک کی عدم موجودگی میں نتیش کمار ریڈی نے خود کو ایک قابلِ اعتماد متبادل کے طور پر ثابت کیا ہے۔

ریڈی نے افغانستان کے خلاف تین میچز کی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں مجموعی طور پر 6 وکٹیں حاصل کیں اور دونوں ٹیموں میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر رہے۔

گمبھیر کا کہنا تھا کہ جنوبی افریقا میں آئندہ برس ہونے والے ورلڈ کپ کے لیے سیمر بولنگ آل راؤنڈرز انتہائی اہم ہوں گے اور اگر دونوں کھلاڑی مکمل فٹ ہوں تو بھارت ایک ہی پلیئنگ الیون میں ہاردک اور نتیش کو شامل کرنے پر بھی غور کرسکتا ہے۔

ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ کیونکہ وہ ابھی 10 اوورز نہیں کرسکتا اور آئی پی ایل کے بعد سے زیادہ کرکٹ بھی نہیں کھیلی ہے تو ہم انہیں واپس لانے کے لیے جلدی نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہاردک اگر بھارت اے کے میچز میں اپنی فٹنس ثابت کرتے ہیں تو اس کے بعد انہیں دوبارہ ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے اسکواڈ کا حصہ بنایا جاسکتا ہے۔