حکومت کو سوچنا چاہئے ظلم اور جبر سے حکومتیں نہیں چلائی جاسکتیں الطاف حسین
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کے مطالبات جائز ہیں، حکومت کو سوچنا چاہیئے کہ ظلم اور جبر سے حکومتیں نہیں چلائی جاسکتیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق الطاف حسین کا کہنا تھا کہ 15 روز سے اسلام آباد میں مذاق ہورہا ہے، حکومت کو کھلے آسمان تلے بیٹھے لوگوں کا خیال کرنا چاہیئے، میرے لئے عظیم وہ ہے جو غریب کی بات کرے، حکومت اب جائز مطالبات ماننے کے لئے تیار نہیں تو کیا کرسکتے ہیں۔
ایم کیو ایم کے قائد کا کہنا تھا کہ سانحہ لاہور کی ابھی تک ایف آئی آر درج نہیں کی جارہی۔ حکومت کو معاملے پر توجہ دینا چاہیے تھی۔ کوئی وینٹی لیٹر خوشی سے لگاتا ہے نہ مارشل لا، سانحہ لاہور میں 17 جون کو 15 افراد ماردیے گئے، مارے جانے والے جیتے جاگتے انسان تھے کوئی کیڑے مکوڑے نہیں، ملک کی خاطر غنڈوں کو کاٹ دینا چاہیے۔ الطاف حسین کا کہنا تھا کہ مجھے صدر یا وزیر اعظم بننے کا شوق نہیں، لوکل باڈیز سسٹم کے تحت اقتدار کی منتقلی کی جائے، ہمارا ملک 4 صوبوں پر چلاآرہا ہے، انتظامی یونٹس بنائے جائیں۔