دوریاں بڑھ گئیں؟ نیتن یاہو جنرل اسمبلی اجلاس میں صدر ٹرمپ سے ملاقات نہیں کریں گے

نیتن یاہو کا امریکا کا دورہ انتہائی مختصر رکھا گیا ہے وہ جمعرات کو جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے


ویب ڈیسک September 24, 2026
نیتن یاہو اور ٹرمپ مضبوط اتحادی ہونے کے باوجود جنرل اسمبلی کے اہم موقع پر ملاقات نہیں کریں گے

اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کے لیے نیویارک پہنچیں گے تاہم وہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات نہیں کریں گے۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق نیتن یاہو کا امریکا کا دورہ انتہائی مختصر رکھا گیا ہے وہ جمعرات کو جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے اور تقریر کے فوراً بعد اسرائیل واپس لوٹ آئیں گے۔

اسرائیلی میڈیا نے رپورٹ کیا ہے کہ ان کی تقریر میں ایران کے ساتھ جنگ، اسرائیل کی فوجی کارروائیوں اور امریکا کے ساتھ تعاون سمیت اہم علاقائی معاملات پر توجہ دی جائے گی۔

نیتن یاہو کی تقریر کا ایک اہم مقصد اسرائیلی عوام سے براہِ راست خطاب بھی ہے کیونکہ ملک میں کنیسٹ انتخابات میں تقریباً ایک ماہ باقی ہے۔ علاوہ ازیں انھیں نیویارک میں احتجاج اور مخالفانہ ردعمل کا بھی سامنا ہوسکتا ہے۔

امریکی حکام کے مطابق بھی ٹرمپ اور نیتن یاہو کی ملاقات فی الحال صدر کے شیڈول میں شامل نہیں۔ موجودہ پروگرام کے تحت نیتن یاہو کے نیویارک پہنچنے سے پہلے ہی صدر ٹرمپ شہر سے روانہ ہوچکے ہوں گے۔

واضح رہے کہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو اور امریکی صدر ٹرمپ کی آخری ملاقات جولائی میں ہوئی تھی البتہ اس کے بعد دونوں رہنماؤں کے درمیان ایران جنگ اور خطے کی صورتحال سمیت مختلف امور پر متعدد بار ٹیلی فون پر رابطہ رہا ہے۔