کراچی:
شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس مقابلوں کے دوران ایک ڈاکو ہلاک ہوگیا جبکہ 2 زخمیوں سمیت 3 ڈاکوؤں کو گرفتار کرلیا گیا، ملزمان سے اسلحہ، موبائل فون، نقدی اور موٹرسائیکل برآمد ہوئی ہے۔
شاہ لطیف کے علاقے فاسٹ یونیورسٹی کے قریب ڈاکو کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار زخمی ہوگیا جبکہ پولیس کی جوابی فائرنگ سے ملزم بھی شدید زخمی ہوگیا۔
ترجمان کراچی پولیس کے مطابق زخمی ہونے والے ڈاکو کی شناخت 30 سالہ راول ولد ثروت کے نام سے کی گئی جبکہ زخمی پولیس کانسٹیبل کی شناخت 30 سالہ سلیم ولد حضرت خان نام سے کی گئی۔
زخمی ہونے والا ڈاکو جناح اسپتال میں دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
چھیپا حکام کے مطابق فیروزآباد پولیس کا شہید ملت روڈ پر ہل پارک کے قریب مبینہ مقابلہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک ڈاکو زخمی ہوگیا جبکہ 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کار لفٹر ہیں، کارروائی کے دوران ان کا ایک ساتھی کار سمیت فرار ہوگیا۔ گرفتار ملزم کی شناخت جہانزیب کے نام سے ہوئی ہے۔
دوسری جانب گلبہار پولیس کا لیاری ندی کے قریب مبینہ مقابلہ ہوا، جس میں ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔ چھیپا حکام کے مطابق زخمی ملزم کو عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا، جہاں اس کی شناخت وقار کے نام سے ہوئی۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کے قبضے سے ایک پستول، موبائل فون، نقدی اور موٹرسائیکل برآمد کی گئی ہے، جبکہ فرار ہونے والے ملزم کی تلاش جاری ہے۔