اسلام آباد:
پی ٹی آئی قیادت نے اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی کو لانگ مارچ 4 اکتوبر تک ملتوی کرنے کے فیصلے سے آگاہ کیا تاہم اچکزئی نے اسے ملتوی کرنے سے انکار کردیا اور کہا ہے کہ موقف پر قائم ہیں مارچ ملتوی نہیں ہوگا۔
ایکسپریس نیوز کو ذرائع نے بتایا ہے کہ پی ٹی آئی قیادت نے قومی اسمبلی کے قائد حزب اختلاف محمود خان اچکزئی سے رابطہ کیا اور پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں پیش کی گئی تجویز سے انہیں آگاہ کیا جس میں مارچ ملتوی کرنے کا کہا گیا ہے۔
اس حوالے سے چیرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کی اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی سے ملاقات ہوئی ہے جس میں بیرسٹر گوہرنے محمود خان اچکزئی کو لانگ مارچ کے حوالے سے پی ٹی آئی کے موقف سے آگاہ کیا اور کہا کہ پی ٹی آئی قیادت چاہتی ہے لانگ مارچ ملتوی ہو جس کا اعلان اپوزیشن لیڈر کریں۔
ذرائع کے مطابق محمود خان اچکزئی نے لانگ مارچ مؤخر کرنے کا اعلان کرنے سے انکار کردیا وہ 27 ستمبر کو ملک گیر تحریک شروع کرنے کے مؤقف پر قائم ہیں، اچکزئی نے کہا ہے کہ 27 ستمبر کا مارچ مؤخر نہیں ہوگا، 27 ستمبر کو کے پی سمیت دیگر صوبوں میں تحریک شروع ہوگی اور تحریک آہستہ آہستہ اسلام آباد کی جانب بڑھے گی۔
ذرائع کے مطابق لانگ مارچ مؤخر کرنے پر پی ٹی آئی قیادت اور محمود اچکزئی میں اختلاف برقرار ہے اور انہیں منانے کی کوششیں جاری ہیں جب کہ لانگ مارچ کی نئی تاریخ پر پی ٹی آئی کی اپوزیشن لیڈران سے مشاورت تاحال جاری ہے۔
لانگ مارچ سے متعلق جو بھی فیصلہ ہوگا سہیل آفریدی ہی آگاہ کریں گے، بیرسٹر گوہر
ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ اپوزیشن لیڈران کو کچھ فیصلوں سے متعلق اعتماد میں لیا ہے، ملکی مجموعی صورتحال اور پارٹی کی مستقل کی حکمت عملی زیر بحث آئی ہے، لانگ مارچ کا اختیار وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کو عمران خان نے دیا ہے، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا لانگ مارچ کو لیڈ کریں گے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ لانگ مارچ کے حوالے سے کوئی دو رائے نہیں ہے، ہم سیاسی جماعت ہیں اور اتفاق رائے و تفصیلی مشاورت سے فیصلے کرتے ہیں، ہم علامہ راجہ ناصر عباس جعفری اور محمود اچکزئی کو پارٹی معاملات سے متعلق آگاہ کرتے ہیں، میں دونوں اپوزیشن لیڈران کی بے پناہ عزت کرتا ہوں ، کبھی ان کو فون پر نہیں بتاتا خود ان کے پاس آکر انہیں بتاتا ہوں۔
بیرسٹرگوہر نے کہا کہ لانگ مارچ سے متعلق جو بھی فیصلہ ہوگا اس حوالے سے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی ہی آگاہ کریں گے۔