انگلینڈ: مالی قوانین کی خلاف ورزی مشہور فٹبال کلب کے گلے پڑگئی

کلب کو سزا کی صورت میں پوائنٹس میں کٹوتی، بھاری جرمانہ اور پریمیئر لیگ سے اخراج تک کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے


ویب ڈیسک September 25, 2026

انگلش پریمیئر لیگ کے مالی قوانین کی خلاف ورزیوں کے معاملے میں مانچسٹر سٹی کے خلاف تقریباً تمام الزامات ثابت ہوگئے ہیں۔

برطانوی میڈیا ادارے دی ایتھلیٹک کے مطابق مانچسٹر سٹی کو کلب کے خلاف عائد کیے گئے 115 میں سے صرف ایک الزام کے سوا باقی تمام الزامات میں قصوروار قرار دیا گیا ہے۔ بعد ازاں ان الزامات کی تعداد بڑھ کر 130 ہوگئی تھی۔

تاہم، مانچسٹر سٹی کے خلاف حتمی سزا کا فیصلہ ابھی نہیں کیا گیا۔ ممکنہ سزاؤں میں پوائنٹس میں کٹوتی، بھاری جرمانہ اور پریمیئر لیگ سے اخراج تک شامل ہیں۔

مانچسٹر سٹی نے ابتدا ہی سے ان الزامات کی تردید کی ہے اور توقع کی جا رہی ہے کہ کلب کسی بھی فیصلے کے خلاف اپیل کرے گا۔

کلب کے ترجمان نے دی ایتھلیٹک سے گفتگو میں کہا کہ پریمیئر لیگ کی کارروائی ابھی جاری ہے اور اس کے اہم مراحل مکمل ہونا باقی ہیں جبکہ معاملہ سخت رازداری کے تحت ہے۔

ترجمان کے مطابق کلب کا مؤقف فروری 2023 میں جاری کیے گئے بیان کے مطابق ہی برقرار ہے۔

مانچسٹر سٹی کے خلاف کارروائی 2009 سے 2018 کے درمیان مبینہ مالی بے ضابطگیوں کی تحقیقات کے بعد شروع ہوئی تھی۔ یہ تحقیقات نومبر 2018 میں جرمن اخبار ڈیر اشپیگل کی جانب سے کلب سے متعلق مبینہ لیک شدہ مالی دستاویزات شائع کیے جانے کے بعد سامنے آئی تھیں۔

حتمی سزا کا فیصلہ ہونے کے بعد ہی واضح ہوگا کہ مانچسٹر سٹی کو مالی قوانین کی ان خلاف ورزیوں پر کس نوعیت کی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔