آبنائے ہرمز میں امریکی زیرِ آب ڈرون پکڑنے کا ایرانی دعویٰ، واشنگٹن نے مسترد کردیا

امریکی فوج اپنے تمام آپریشنل ڈرون اثاثوں پر مکمل کنٹرول رکھتی ہے، سینٹکام


ویب ڈیسک September 28, 2026

تہران:

ایران اور امریکا کے درمیان آبنائے ہرمز میں مبینہ امریکی زیرِ آب ڈرون کی موجودگی نے نیا تنازع کھڑا کردیا ایران کے پاسداران انقلاب نے جدید امریکی ڈرون قبضے میں لینے کا دعویٰ کیا ہے تاہم امریکی فوج نے اس دعوے کو مسترد کردیا۔

ایرانی پاسداران انقلاب کے مطابق ایرانی بحریہ نے ایک انٹیلی جنس آپریشن کے دوران امریکی بغیر پائلٹ زیرِ آب گاڑی یو ایس ریموس 600 کو اپنے قبضے میں لیا۔ ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ ڈرون سے حاصل ہونے والے ڈیٹا کا ایرانی ماہرین جائزہ لیں گے۔

دوسری جانب امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے ایرانی دعوے کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی فوج اپنے تمام آپریشنل ڈرون اثاثوں پر مکمل کنٹرول رکھتی ہے۔ سینٹ کام کے ترجمان کیپٹن ٹم ہاکنز نے ایرانی دعوے کو بوکھلاہٹ پر مبنی قرار دیا۔

یوں آبنائے ہرمز میں مبینہ زیرِ آب ڈرون کے معاملے پر تہران اور واشنگٹن کے مؤقف میں واضح تضاد سامنے آگیا ہے جبکہ واقعے سے متعلق مزید تفصیلات اور آزادانہ تصدیق تاحال سامنے نہیں آسکی۔