راولپنڈی: مری روڈ پر دل ہلا دینے والے واقعے کی ویڈیو وائرل

گاڑی اور موٹر سائیکل سوار کی شناخت کے لیے کوششیں جاری ہیں، سٹی ٹریفک پولیس


صالح مغل September 28, 2026

راولپنڈی:

راولپنڈی میں مری روڈ پر پیش آنے والے ایک ہولناک واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے جس میں ایک لگژری گاڑی کو موٹر سائیکل سوار کو روندتے ہوئے آگے بڑھتے دیکھا جا سکتا ہے۔

وائرل فوٹیج میں واضح ہے کہ گاڑی کے بونٹ اور فرنٹ اسکرین پر ایک شخص بیٹھا ہوا ہے جبکہ موٹر سائیکل گاڑی کے اگلے پہیے کے ساتھ پھنسی ہوئی ہے اور سڑک پر گھسٹتی جا رہی ہے۔ موٹر سائیکل کے سڑک سے مسلسل ٹکرانے کے باعث آگ کی چنگاریاں بھی نکلتی دکھائی دیتی ہیں۔

ویڈیو میں گاڑی کا اگلا اور پچھلا حصہ بھی کسی حادثے کے باعث متاثر نظر آتا ہے تاہم واقعے کی مکمل تفصیلات تاحال سامنے نہیں آسکیں۔

ذرائع کے مطابق واقعہ کب پیش آیا اور موٹر سائیکل سوار کون تھا اس حوالے سے ابھی تک پولیس کو باقاعدہ رپورٹ نہیں ملی۔

سٹی ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ گاڑی اور موٹر سائیکل سوار کی شناخت کے لیے کوششیں جاری ہیں، جیسے ہی مزید معلومات سامنے آئیں گی حقائق عوام کے سامنے لائے جائیں گے۔

سی ٹی او راولپنڈی فرحان اسلم نے واقعے کا نوٹس لیکر سرکل انچارج مری روڈ کو گاڑی سوار کا پتہ چلا کر مقدمہ درج کرانے کی ہدایات کردی۔