مصر: 1700 سال  قدیم پراسرار مقبرہ دریافت

آثارِ قدیمہ کے مطابق یہ مقبرہ ایک بااثر شخص اور اس کی اہلیہ کی تدفین کے لیے بنایا گیا تھا


ویب ڈیسک September 30, 2026

مصر کے مغربی صحرائی علاقے میں ماہرینِ آثارِ قدیمہ نے تقریباً 1700 سال قدیم ایک مقبرہ دریافت کیا ہے، جس سے رومی دورِ حکومت کے دوران خطے میں رائج تدفینی رسومات اور ثقافتی روایات پر نئی روشنی پڑتی ہے۔

آثارِ قدیمہ کے مطابق اہرام نما چونے کے پتھروں سے تعمیر کیا گیا یہ مقبرہ ایک بااثر شخص اور اس کی اہلیہ کی تدفین کے لیے بنایا گیا تھا۔ مقبرے کی منفرد طرزِ تعمیر کے علاوہ یہاں نایاب تحریری نقوش اور تدفینی متون بھی دریافت ہوئے ہیں۔

کھدائی کے دوران ایک پتھر کی تختی ملی جس پر قدیم یونانی زبان میں تحریر کندہ ہے۔ ماہرین کو مردوں کے لیے مخصوص ایک تدفینی میز، ریتلے پتھر کو دھونے کے لیے بیسن اور مختلف اقسام کے برتن بھی ملے۔

مقبرے سے کانسی کی ایک سکہ بھی برآمد ہوا ہے جس پر رومی شہنشاہ قسطنطین کندہ ہے، جو اس مقام کی تاریخی اہمیت میں مزید اضافہ کرتی ہے۔

مصر کے وزیرِ سیاحت و نوادرات شریف فتحی کے مطابق یہ دریافت ان تہذیبوں اور ثقافتوں کے تسلسل کی ایک جھلک پیش کرتی ہے جن سے مصر مختلف ادوار میں گزرتا رہا ہے۔